تفسیر کبیر (جلد ۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 289 of 657

تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 289

ہو چکا ہے اور جن کی تباہی کے لئے یہ سامان پیدا ہوا ہے ان سے ڈرنے کا کیا مطلب؟ اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ خدائی سلسلے جب بھی دنیا پر ظاہر ہوتے ہیں بارش برسانے والے بادلوں کی طرح ان کے ساتھ بھی تاریکیاں ہوتی ہیں، گرج ہوتی ہے اور بجلیاں ہوتی ہیں یعنی شروع شروع میں تکالیف کا وجود ان کے ساتھ ضرور ہوتا ہے مثلاً تاریکیاں ہوتی ہیں کہ بُرے رشتہ داروں اور بُرے دوستوں سے قطع تعلق کا حکم ہوتا ہے کبھی ہجرت کا حکم ملتا ہے، مالی قربانیوں کا مطالبہ ہوتا ہے، جانی قربانیوں کا مطالبہ ہوتا ہے پھر ان کے ساتھ گرج بھی ہوتی ہے یعنی سب دنیا سے مقابلہ کا اعلان ہوتا ہے اور بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ سب دنیا کو دشمنی کی دعوت دے کر اپنے مدِّمقابل کھڑا کر لیا گیا ہے پھر ان کے ساتھ بجلی بھی ہوتی ہے یعنی ایسے امور ظاہر ہوتے ہیں جو نظروں کو خیرہ کر دیتے ہیں۔پھر یہ بجلیاں کبھی صواعق بن جاتی ہیں۔یعنی دشمن مومنوں کو برباد کرنے کے لئے حملے کرتے ہیں یا مومن جوابی طور پر ان پر حملے کرتے ہیں اور بعض دفعہ ان حملوں کے نتیجے میں بعض مومن موت کا شکار بھی ہو جاتے ہیں جو کمزور دل کے لوگ ہوتے ہیں وہ یوں تو سب مشکلات سے ہی گھبراتے ہیں مگر اس آخری حصہ کے ڈر سے تو ان کی رُوح تھرّانے لگتی ہے۔اس آیت میں ان لوگوں کا بھی جواب دیا گیا ہے جو انبیاء کی بعثت پر اعتراض کرتے ہیں کہ ان کے آنے سے تو فساد پیدا ہو گیا ہے اور بتایا ہے کہ دیکھو بارش کیسی رحمت الٰہی ہے مگر اس کے نازل ہونے کے وقت بھی پہلے سورج چھپ جاتا ہے اور تاریکی چھا جاتی ہے اور گرج اور بجلی نمودار ہوتی ہے۔اسی طرح انبیاء کا وجود ہے ان کی آمد پر جو شور و شر اُٹھتا ہے وہ نحوست کی علامت نہیں بلکہ آنے والی برکات کا اعلان ہوتا ہے اور انسانوں سے خدا تعالیٰ کے سلوک کا بدل جانا اسی نہج سے ہوتا ہے جس طرح بادل کے آنے پر سورج چھپ جاتا ہے اور روحانی بارش کے بعد الٰہی سورج پھر پہلے سے بھی زیادہ شان کے ساتھ چمکنے لگتا ہے۔منافقین کے کانوں میں انگلیاں ڈالنے سے مراد جیسا کہحَلِّ لُغَات میں بتایا جا چکا ہے صَاعِقَہ کے معنی گرنے والی بجلی کے ہیں اور اس کے معنے موت اور عذاب کے بھی ہیں اور یہی وہ امور ہیں کہ جن سے کمزور دل لوگ زیادہ گھبراتے ہیں مگر فرماتا ہے کہ صَاعِقَہ کی وجہ سے کان میں انگلی ڈالنے سے کیا ہوتا ہے اوّل تو صاعقہ کے گرنے کے بعد آواز پیدا ہوتی ہے جو بجلی گر چکی اس سے بچنے کے لئے کان میں اُنگلی دینے سے کیا فائدہ؟ دوسرے جب خدا تعالیٰ کی طرف سے اعلان جنگ ہو گیا تو پھر ان منافقوں کے ڈرنے سے اس میں تبدیلی تو ہو نہیں سکتی