تفسیر کبیر (جلد ۱۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 20 of 534

تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 20

پھر ابن جریر کہتے ہیں کہ عطاء بن سائب سے محارب بن دثار نے پو چھا کہ سعید بن جبیر کا کوثر کے بارہ میں کیا قول ہے۔سعید بن جبیر کو احادیث کے بارہ میں بہت ملکہ تھا اس پر عطاء بن سائب نے کہا سعید بن جبیر نے ابن عباسؓ سے روایت کی ہے ھُوَ الْـخَیْـرُ الْکَثِیْـرُ یعنی کوثر وہ اعلیٰ درجہ کی بھلائیاں ہیں جو دنیا میں آپ کو دی گئیں۔فَقَالَ صَدَقَ وَاللہِ(جامع البیان سورۃ الکوثر)۔اس نے کہا انہوں نے بالکل ٹھیک کہا ہے اَنَّہُ الْـخَیْرُ الْکَثِیْـرُ کوثر سے مراد خیر کثیر ہی ہے مگر ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ ھُوَنَـھْرٌ فِی الْـجَنَّۃِ کوثر جنت میں ایک نہر ہے یہ معنے جیسا کہ پہلے بتایا جا چکا ہے خیر کثیر کے معنوں کے خلاف نہیں بلکہ یہ بھی اس میں شامل ہیں جیسے کوئی کہے فلاں کے پاس بہت مال ہے اور پھر کہےاس کے پاس ایک گھڑی بھی ہے تو یہ بات پہلی بات کے مخالف نہیں ہو گی۔کیونکہ گھڑی بھی مال میں شامل ہے۔جیسا کہ میں پہلے بتا چکا ہوں جنت کی وہ نہر جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو خصوصیت کے ساتھ ملے گی وہ بھی ان معنوں میں جو میں نے کئے ہیں شامل ہے اور یہ بھی ایک کوثر ہے۔’’یہ ہے‘ ‘ اور ’’یہی ہے‘‘میں بہت بڑا فرق ہوتاہے۔مثلاً ہم کہتے ہیں یہ دینار زید کا ہے۔اب اس پر قیاس کر کے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ دینار یہی ہے اور کوئی دینار نہیں۔اسی طرح وہ نہر جو آپؐکو اس پیشگوئی کے نتیجہ میں ملے گی اس کے علاوہ اور بھی کئی کوثر ہیں جو آپ کو ملے۔بہرحال واقعہ یہی ہے کہ قرآن کریم کے وسیع معنوں کو محدود کر نے کی کوئی وجہ نہیں جبکہ خیر کثیر کے معنے پیش کر دہ روایت کے مخالف بھی نہیں۔روایت صرف ایک مثال دیتی ہے اس پر حصر نہیں کر تی۔یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے جس کا جواب دینا ضروری ہے اور وہ یہ کہ اگر کوثر کے معنے صرف نَـھْرٌ فِی الْـجَنَّۃِ کے نہیں بلکہ اور بھی ہیں تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان معنوں کو بیان کیوں نہیںکیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ قرآن کریم کی ساری تفسیر تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں اور نہ ہی سارے معنے ثابت ہیں۔آپ خود فرماتے ہیں کہ قرآن کریم کے سات بطن ہیں(بخاری کتاب فضائل القراٰن باب انزل القراٰن علٰی سبعۃ احرف ) اور ہر بطن کے سات معنے ہیں۔گویا قرآن کریم کی ہر آیت کے کم ازکم ۴۹ معنے ہو نے چاہئیں۔اب کوثر کے ایک معنے تو نَـھْرٌ فِی الْـجَنَّۃِ کے ہوئے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بتادیئے باقی ۴۸ معنےآپ نے کہاں بیان کئے ہیں۔جب ایک ہی معنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہیں تو باقی ۴۸معنوں کی ہمارے لئے گنجائش ہوئی اور اگر ہم صرف ایک بطن تک ہی اپنے آپ کو محدود رکھیں تب بھی باقی چھ معنے کہاں ہیں؟رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم کے سات بطن بیان فرمائے ہیں جن میں سے ایک آپ نے بیان فرما دیا باقی چھ کی ہمارے لئے بہرحال