تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 371
بے شک اس عقیدہ کو نہیں مانتے مگر اس میں کسی مذہب کا سوال نہیں عقل اور شرافت بھی نہیں مانتی کہ مجرم کوئی ہو اور سزا کسی کو دی جائے۔اس حقیقت کو اپنے سامنے رکھتے ہوئے غور کرو کہ صنعاء کے گرجا میں کوئی جاہل اور بدتہذیب عرب پاخانہ کر دیتا ہے اس پر بادشاہ کو غصہ آتا ہے مگر اس غصہ میں وہ اس عرب کو نہیں مارتا جس نے پاخانہ کیا تھا، وہ اس عرب کے رشتہ داروںکو بھی نہیں مارتا، وہ اس عرب کی قوم کو بھی نہیں مارتا، وہ اپنے لشکر کے ساتھ کئی سو میل کا سفر طے کرتے ہوئے اس لئے جاتا ہے کہ خانۂ کعبہ کو جو تمام عرب کا مقدّس مقام تھا گرادے۔کون عقل مند کہہ سکتاہے کہ یہ انصاف تھا۔کون عقلمند کہہ سکتا ہے کہ یہ اقدام ہتک کا بدلہ لینے کے لئے کیا گیا تھا۔میں تاریخی روایات سے ثابت کر چکا ہوں کہ مکہ کے لوگوں کو ابرہہ نے یہ پیغام بھیجا کہ میں تم کو مارنے کے لئے نہیں آیا میں صرف خانۂ کعبہ کو گرانے کے لئے آیا ہوں۔اگر تم لوگ میرے راستہ میں روک نہ بنے تو میں خانۂ کعبہ کو گرا کر واپس چلا جاؤں گا اگر انسان نے قصور کیا تھا تو انسان ہی اس قصور کا ذمہ وار تھا اور اگر سزا دی جا سکتی تھی تو اسی عرب کو جس نے گرجا میں پاخانہ کیا۔اگر زیادہ طیش آیا تھا تو اس کے بھائی بندوں کو بھی گرفتار کیا جا سکتا تھا۔اگر اس سے بھی بڑھ کر غصہ آتا تو اس کی قوم پر بھی حملہ کیا جا سکتا تھا۔مگر یہ کیا کہ قصور تو ایک جاہل عرب کرتا ہے اور حملہ خانۂ کعبہ پر کیا جاتا ہے۔یہ تو ایسی ہی بات ہے جیسے کوئی عیسائی ایک ہندو سے لڑے تو غصہ میں حکومت ہندوؤں کا کوئی مندر گرا دے یا کوئی ہندو کسی عیسائی سے لڑے تو غصہ میں ہندو حکومت مسیحیوں کا کوئی گرجا گرا دے۔آخر دونوں باتوں میں کوئی جوڑ تو ہونا چاہیے۔یہ جوڑ تو نظر آسکتا ہے کہ زید نے قصور کیا تو زید کے بھائی بندوں کو بھی پکڑ لیا گیا مگر یہ کہ زید قصور کرے اور ایک قومی معبد کو گرانے کے لئے حملہ شروع کر دیا جائے ان دونوں کاآپس میں کوئی جوڑ نہیں۔پس ابرہہ کا فعل بتاتا ہے کہ وہ ان کفار سے لڑنے کے لئے نہیں گیا تھا جن کے ایک فرد نے اس کے گرجا کی ہتک کی تھی بلکہ وہ اس لئے گیا تھا کہ خانۂ کعبہ کو گرا دے۔پس وہ خدا کے حضور ایک خطرناک مجرم تھا اور اس کے فعل کے جواز میں یہ ہرگز نہیں کہا جا سکتا کہ وہ اپنے گرجا کی ہتک کا بدلہ لینے گیا تھا۔تیسرے جیسا کہ میں ثابت کر چکا ہوں ابرہہ کا اصل مقصد یہ تھا کہ وہ عربوں کے اتحاد کو توڑ دے کوئی مذہبی غرض اس حملہ کے پیچھے نہیں تھی ورنہ دنیا میں اور ہزاروں گرجے موجود تھے کبھی کسی گرجا کے بننے کے بعد عیسائیوں کی طرف سے یہ کوشش ہوئی کہ غیراقوام کے افراد بھی اس کو اپنا مقدس مقام قرار دے لیں؟ لیکن ابرہہ نے ادھر گرجا بنایا ادھر اس نے یہ کوشش شروع کر دی کہ خانۂ کعبہ کی بجائے لوگ اس کی زیارت کے لئے آیا کریں اور اس نےبعض عرب رؤوسا کو رشوتیں دے دے کر اس پراپیگنڈہ کے لئے مقرر کیا۔آخر اس کا مذہب سے کیا تعلق تھا۔