تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 266
خاوند کو علم ہو کہ فلاں میری بیوی بننے والی ہے اور بغیر ارادہ اور خواہش کے ہی ماں باپ کو بہو اور خاوند کو بیوی مل جائے۔لازماً انسان کو بیوی کے لئے خواہش کرنی پڑے گی اور جب وہ خواہش کرے گا تو بدھ مذہب کے رو سے وہ نجات سے محروم ہوجائے گا کیونکہ اس کے نزدیک خواہشات کو مارنا ہی انسانی نجات کا ذریعہ ہے۔اگر یہ کہا جاتا کہ کوئی مرد اور عورت شادی نہ کرے تب تو یہ بات ایک حد تک تسلیم بھی کی جاسکتی تھی مگر بدھ مذہب شادی سے صرف بھکشو کو روکتا ہے ہر شخص کو نہیں روکتا۔حالانکہ وہ دوسروں کے لئے بھی نجات کو جائز قرار دیتا ہے۔اگر نجات کا حصول ان کے لئے جائز قرار نہ دیتا تو بھکشو ئوں کے سوا وہ اوروں کو اپنے مذہب میں داخل کیوں کرتا؟ اس کا بھکشوئوں کے سوا اور لوگوں کو بھی اپنے مذہب میں داخل کرنا صاف طور پر بتارہا ہے کہ بدھ مذہب ہر شخص کی نجات کا قائل ہے اور جب بھکشوئوں کے سوا وہ دوسروں کو شادی کی اجازت دیتا ہے تو اس کے معنے یہ ہیں کہ بدھ مذہب کے رو سے شادی کا ارادہ انسان کو نجات سے محروم نہیں کرتا۔اب اس عقیدہ کے ماتحت کہ خواہش انسان کو نجات سے محروم کردیتی ہے ہمیں دیکھنا چاہیے کہ شادی کے معاملہ میں بدھ مذہب کیا تعلیم دے سکتا ہے کیا یہ کہے گا کہ شادی نہ کرو؟ یہ تو وہ کرتا نہیں۔کیونکہ بھکشوئوں کے سوا اور کسی کو وہ شادی سے نہیں روکتا پھر خواہش کو کس طرح مارا جائے گا۔انسان خواہش کرتا ہے کہ شادی کرے اس سے بدھ مذہب نے نہیں روکا۔اب کیا ہم یہ سمجھیںکہ شادی کے بارہ میں محض شادی کی خواہش کو تو وہ خواہش قرار نہیں دیتا لیکن اور کسی خواہش کی اجازت نہیں دیتا۔اگر یہ بات ہو تو سوال پیدا ہوتاہے کہ شادی کے ساتھ محض شادی کی خواہش کا ہی تعلق نہیں ہوتا بلکہ اور بھی کئی قسم کی خواہشات شادی سے وابستہ ہوتی ہیںان کا بدھ مذہب نے کیا علاج کیا ہے۔مثلاًانسان چاہتا ہے کہ نیک عورت سے شادی کرے۔کیا بدھ مذہب یہ کہے گا کہ ایسی خواہش مت کرو۔کیا اس خواہش کو مارا جائے گا؟اور اسے حکم دیا جائے گا کہ بد اور شریر عورت سے شادی کرو؟انسان خوبصورت عورت چاہتا ہے کیا اسے کہا جائے گا کہ خوبصورت عورت کی خواہش نہ کرو بد صورت عورت سے شادی کرو؟انسان تعلیم یافتہ عورت چاہتا ہے بدھ مذہب کہتا ہے کہ تم اپنی خواہشات کو مٹا دو۔ا ب سوال پیدا ہو تاہے کہ کیا بدھ مذہب اسے یہ کہے گا کہ جاہل عورت سے نکاح کرو؟انسان چاہتا ہے کہ بچے جننے والی عورت مجھے حاصل ہو۔کیا بدھ مذہب کے ماتحت اسے یہ تعلیم دی جائے گی کہ بچے جننے والی عورت سے شادی نہ کرو بلکہ بانجھ سے کرو؟انسان چاہتا ہے کہ اس کے بچے پڑہیں لکھیں۔کیا بدھ مذہب اسے کہے گا کہ چو نکہ خواہش بری چیز ہے اس لئے تم یہ خواہش نہ کرو کہ تمہارے بچے پڑھیں لکھیں بلکہ انہیں جاہل رہنے دو؟ انسان چاہتا ہے کہ اس کے ہاں نیک اولاد ہو کیا اسے کہا جائے گا کہ بد اولاد چاہو؟انسان چاہتا ہے کہ اسے کوئی اچھا کام مل جائے اچھی ملازمت میسر