تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 311 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 311

بعض دریائوں کو بعض میں پھاڑ کر ملا دینے سے پانی میں جوش پیدا کر دیا جائے گا یہاں تک کہ ایک بڑا دریا نظر آنے لگ جائے گا (اقرب) تفسیر۔دریائوں کا پھاڑنا دو طرح ہو سکتا ہے۔اوّلؔ اس طرح کہ اس کا پانی کسی اور طرف لے جایا جائے۔دُوسرے اس طرح کہ اس میں کوئی اور پانی ملا دیا جائے۔پس اس آیت کے معنے یہ ہوئے کہ یا تو دریا نہریں نکال نکال کر خشک کر دئے جائیں گے یا دریائوں میں اور پانی ملا کر اُن کو بڑھا دیا جائے گا۔یہ دونوں نظّارے آج کل دنیا میں نظر آتے ہیں چنانچہ کئی دریا ایسے ہیں جن میں سے نہریں نکال نکال کر ان کو خشک کر دیا گیا ہے اور کئی دریا ایسے ہیں جن میں دوسرے دریائوں کا پانی ملا کر اُن کو وسیع کر دیا گیا ہے۔ہمارے ملک میں دریائوں کو جہاز رانی کے قابل نہیں سمجھا گیا لیکن یورپ میں اس کا بڑا رواج ہے اور وہ دریائوں کو درست کر کے اندرون ملک میں بھی جہاز چلاتے ہیں تا کہ رسل و رسائل میں آسانی رہے۔اب تک کے تجربہ سے یہی ثابت ہوا ہے کہ ریل نقل اسباب کے لحاظ سے مہنگی ہے لیکن جہاز سستا ہے اس وجہ سے یوروپین لوگ تجارت کے لئے جہازوں سے زیادہ کام لیتے ہیں اور جہاں دریا سمندر سے ملتے ہیں اس علاقہ کو صاف اور ہموار کر کے دریا کو جہاز رانی کے قابل بنا دیتے ہیں جس کی وجہ سے تیس تیس چالیس چالیس پچاس پچاس بلکہ بعض جگہ سَو سَو میل تک وہ اندرون ملک میں جہاز لے جاتے ہیں اور اس طرح اُن کو تجارت میں بہت آسانی رہتی ہے۔ہمارے ملک میں اس کا رواج نہیں لیکن وہاں اس کا کثرت سے رواج ہے۔اِذَا الْبِحَارُ سُجِّرَتْمیں دریاؤں سے نہریں نکالے جانے کی پیشگوئی اور پھر یہ بھی ہو رہا ہے کہ دریائوں میں سے نہریں نکالی جاتی ہیں بلکہ بعض جگہ وسیع نہریں نکالنے کے لئے ایک دریا کا پانی دوسرے دریا کے پانی میں ملا دیتے ہیں اور اس طرح بحار کی تسبحیر عمل میں آرہی ہے۔وَاِذَا الْبِحَارُ سُجِّرَتْکے یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ عالم جاہل ہو جائیں گے اور ان کا علم مفقود ہو جائے گا کیونکہ بحر کے ایک معنے عالم کے بھی ہیں اور چونکہ بحر کے معنے اَلْمَاءُ الْمِلْحُ کے بھی ہیں یعنی صرف دریا مراد نہیں بلکہ اس کے معنے سمندر کے بھی ہیں اس لئے اس آیت کے یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ سمندر آپس میں ملا دئے جائیں گے جیسے نہر سویز کے ذریعہ سے قلزم اور روم کو یا نہر پانامہ کے ذریعہ سے دو ۲ امریکن سمندروں کو آپس میں ملا دیا گیا۔