تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 166
آج اِن مسلمانوں پر پے در پے ظلم کر رہے ہو اور وہ تمہارے مقابلہ میں بالکل خاموش ہیں۔تم خیال کرتے ہو کہ اِن مسلمانوں میں شاید مظالم برداشت کرتے کرتے مقابلہ کی حس ہی باقی نہیں رہی اُن کے دل مردہ ہو چکے ہیں اور اُن کے احساسات مٹ چکے ہیں لیکن تمہارا یہ خیال بالکل غلط ہے مسلمانوں کے دل مردہ نہیں ہوئے بلکہ وہ زندہ ہیں۔اُن کے دل ان تکالیف کو دیکھ دیکھ کر جو تم محمد رسول اللہ صلے اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو پہنچا رہے ہو تڑپ رہے ہیں۔صرف ہم نے روکا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ تمہیں ان مظالم کا مزہ نہیں چکھا سکتے اور پیچ وتاب کھا کر رہ جاتے ہیں۔گویا رَاجِفَۃ کہہ کر بتا دیا کہ مسلمانوں کے دل زندہ ہیں یہ نہ سمجھو کہ مظالم نے اُن کے احساسات کو مٹا ڈالا ہے۔وہ صرف ہماری اجازت کے منتظر بیٹھے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ تمہارے مقابلہ میں ہاتھ نہیں اٹھاتے لیکن یاد رکھو یَوْمَ تَرْجُفُ الرَّاجِفَۃُ جس دن یہ بڑے حسّاس دل اپنے جوش واضطراب کا اظہار کریں گے اُس دن یہ تمام باتیں جن کا ہم نے اُوپر ذکر کیا ہے ظاہر ہونی شروع ہو جائیں گی۔ابھی ہم ان کے اخلاق کی تکمیل کر نا چاہتے ہیں اگر آج ہی اُن کو لڑائی کی اجازت دے دیں تو وہ اعلیٰ اخلاق جو ہم اُن میں پیدا کرنا چاہتے ہیں کس طرح پیدا ہو سکتے ہیں۔ہم ابھی اُن پر ظلم کروائیں گے تاکہ اُن میں مادۂ صبر پیدا ہو جائے۔اسی طرح وہ اخلاق پیدا ہو جائیں جو ظلم کے نتیجہ میں ظاہر ہوا کرتے ہیں۔پس تم اُن کی موجودہ حالت پر قیاس مت کرو۔تم اُس دن کو یاد کرو جب اُن کے حساس دل اپنے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کر دیں گے۔نَازِعَات کے معنے اگر تیر اندازی کرنے والوں کے کئے جائیں تو اس آیت کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ تیر اندازی اُس دن شروع ہو گی جب اُن کے حساس دل اضطراب شدید کا اظہار کرنا شروع کر دیں گے۔اور چونکہ رَجْفٌ کے ایک معنے قوم کے لڑائی کے لئے تیار ہونے کے بھی ہیں اس لئے یَوْمَ تَرْجُفُ الرَّاجِفَۃُ کے یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ وہ قوم جس کے دل لڑائی کے لئے مستعد ہیں مگر ہماری طرف سے اجازت نہ ہونے کی وجہ سے رُکے ہوئے ہیں ایک دن جنگ کیلئے تیّار ہو جائے گی یعنی امن اور صلح کے شیدائی آخر ظلموں کو دین کے لئے نقصان دہ دیکھ کر خدا تعالیٰ کے حکم سے جنگ پر آمادہ ہو جائیں گے یا جب اوپر کی باتیں ہو جائیں گی اُس کے بعد ہم اس دن کو لائیں گے۔تَتْبَعُهَا الرَّادِفَةُؕ۰۰۸ اس (جنگ کی تیاری) کے بعد (اس قسم کی ) پیچھے آنیوالی (ایک اور)گھڑی آئے گی۔حَلّ لُغَات۔اَلرَّادِفَۃُ۔الرَّادِفَۃُ رَدَفَ سے اسم فائل مؤنث کا صیغہ ہے اور رَدَفَ (یَرْدُفُ وَرَدِفَ