حقائق الفرقان (جلد ۴) — Page 450
فائدہ ہو گا۔اور بڑی مدد ملے گی۔تیسرا علاج یہ ہے کہ دعائیں بہت مانگے۔اپنے محسنوں کے لئے بھی دُعا کرے۔انہیں دعاؤں میں سے ایک دُعا اور بڑی اعلیٰ دعا درود شریف بھی ہے۔جو اپنے پیارے محسن اور نہایت ہی عظیم الشان محسن نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے لئے مانگی جاتی ہے۔وہ ہمارا بڑا بھاری محسن ہے۔ایسے مہسن پر اﷲ جلشانہ، اپنے خاص خاص فضل اور عام رحمتیں کرے تاکہ اس کے بدلہ میں ہم پر بھی خاص رحمتیں اور عام فضل ہو۔چاہیئے کہ درود شریف بہت پڑھا جاوے اور اپنے محسن کے لئے بہت دعا مانگی جاوے تاکہ ہم پر بھی رحم ہو۔اﷲ کریم ہم سب کو توفیق دے۔آمین۔(الحکم ۱۷؍ ستمبر ۱۹۰۷ء صفحہ ۱۱۔۱۲)۔اَلْھَا کے معنے کسی چیز سے غافل کر کے دوسری چیز میں مشغول کرنے کے ہیں۔جیسے فرمایا۔(النور:۳۸)تَکَاثُر ایک دوسرے پر زیادتِ مال کی حرص کرنا۔اسی واسطے کہا گیا ہے کہ مَنْ شَغَلَکْ عَنِ اﷲِ فَھُوَصَنَمُکَ (ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۹۔ستمبر ۱۹۱۲ء)۔صحیحین میں روایت ہے کہ اِبنِ آدم بوڑھا ہو جاتا ہے۔اور دو چیزیں اس کی جوان رہ جاتی ہیں۔ایک ان میں سے حرص مال ہے۔ابوھریرہؓ سے یہ مروی ہے۔کہ پیغمبر صلی اﷲ علیہ و آلہٖ وسلم نے سورۃ التکاثر پڑھی اور پھر فرمایا۔بندہ کہتا ہے کہ یہ میرا مال ہے۔یہ میرا مال ہے۔حالانکہ اس کا مال تو صرف اتنا ہی ہے۔جو کھا لیا۔وہ تو فنا کر دیا۔اور جو پہن لیا اس کو پُرانا کر دیا۔اور جو کدا کی راہ میں دیدیا۔اس کو آگے کے لئے جمع کیا۔ان تین قسموں کے سوا جو کچھ اور مال ہے وہ تو لوگوں کا ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۹۔ستمبر ۱۹۱۲ء)۔۔۔ان ہر سہ آیات میں یقین کے تین مراتب کا ذکر فرمایا ہے۔ایک علم الیقین۔دوسرا عین الیقین۔تیسرا حق الیقین۔دنیا میں بعض اوقات جزا سزا کے ملنے پر آخرت کی جزا سزا کا یقین علمی پیرایہ میں ہو جاتا ہے۔قبر اور برزخ کی جزا سزا۔عین الیقین کے طور پر ہے۔حدیث شریف میں آیا ہے کہ قبر میں جنّت یا دوزک کی طرف سے کھڑکیاں کھول دی جاتی ہیں۔یوم الحشر کی جزا سزا حق الیقین ہیں جو عین یقین ہیں۔( ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۹؍ ستمبر ۱۹۱۲ء)