حقائق الفرقان (جلد ۴) — Page 415
کے ہمسائے میں آباد ہوا۔جوتھا لڑکا مبسام ہے مگر اس کی سکونت کے مقام کا پتہ نہیں ملتا۔پانچواں بیٹا مسماع ہے۔مسٹر فاسٹر کا یہ قیاس صحیح ہے کہ عبرانی میں جس کو مسماع لکھا ہے۔اُسی کو یونانی ترجمہ سبٹوجنٹ میں مِسما اور جو زینس نے مسماس اور بطلیموس نے مسمیز لکھا ہے اور عرب میں اس کی اولاد بنی مسما کہلاتی ہے۔پس کچھ شبہ نہیں کہ یہ بیٹا اوّلاًقریب نجد کے آباد ہوا۔چھٹا بیٹا وومہ تھا۔مشرقی اور مغربی جغرافیہ دان قبول کرتے ہیں کہ یہ بیٹا تہامہ میں آباد ہوا تھا۔معجم البلدان میں لکھا ہے کہ دومۃالجندل کا نام واقدی کی حدیث میں دو ماہ الجندل آیا ہے۔اور ابنِ ثقیفہ نے اس کو اعمال مدینہ میں گِنا ہے۔اس کا نام دنوم ابن اسمٰعیل ابن ابراہیم کے نام پر ہوا۔اور زجاجی کہتا ہے۔کہ اسمٰعیل کے بیٹے کا نام دو مان ہے۔بعص کہتے ہیں کہ اس کا نام دمّہ تھا۔ابن کلبی کہتا ہے کہ دومہ اسمٰعیل کا بیٹا تھا۔جب تہامہ میں حضرت اسماعیل ؑ کی بہت سی اولاد ہو گئی تو دومہؔ وہاں سے نکلا اور بمقام دومہؔ قیام کیا اور وہاں ایک قلعہ بنایا اور اس کا نام دومہؔ اپنے نام پر رکھا۔اور ابوعبیدہ سکونی کا قول ہے کہ دومۃ جندل قلعہ اور گاؤں شام اور مدینے کے درمیان میں ہیں۔قریب جبل طَیْ کے اور دومہ وادیٔ قرٰی کے گاؤں میں سے ہے۔مسٹر فاسٹر بھی اس کو تسلیم کرتے ہیں اور اب تک یہ ایک مشہور جگہ عرب میں موجود ہے۔ساتواں بیٹا مسّا تھا۔یہ بیٹا حجاز سے نکل کریمن میں آباد ہوا۔اور یمن کے کھنڈرات میں اب تک مسّا کا نام قائم ہے۔کاتری پیکاری نے اپنے نقشے میں اس مقام کا نشان ۱۳ درجے اور ۳۰ دقیفے عرص شمالی اور ۴۳ درجے اور ۳۰ دقیقے طول شرقی میں قائم کیا ہے۔اسمٰعیلؑ اور ان کی اولاد حجاز میں تھی۔بلاشبہ جب اولاد جوان ہوئی اور کثرت ہو گئی۔تب مختلف مقاموں میں جا کر سکونت اختیار کی۔مگر عمدہ بات قابلِ عور یہ ہے کہ سب کا پتہ عرب ہی میں یا حجاز میں یا حجاز کے آس پاس پایا جاتا ہے۔آٹھواں بیٹا حدد۔اس کو عہد عتیق میں حدّاد بھی لکھا ہے۔یمن میں شہر ہدیدہ اب تک اسی کا مقام بتلا رہا ہے۔اور قومِ حدیدہ جو یمن کی ایک قوم ہے۔اسی کے نام کو یاد دلاتی ہے۔زہیری مؤرخ کا بھی یہی قول ہے اور مسٹر فاسٹر بھی اسی کو تسلیم کرتا ہے۔نواں بیٹا تیما تھا۔اس کی سکونت کا مقام نجد ہے اور بعد کو رفتہ رفتہ خلیج فارس تک پہنچ گیا۔دسواں بیٹا یطور تھا۔مسٹر فاسٹر بیان کرتے ہیں کہ اس کا مسکن جدورؔ میں تھا۔جو جبل کسیونی کے جنوب اور جبل الشیخ کے مشرق میں واقع ہے۔