حقائق الفرقان (جلد ۳)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 390 of 632

حقائق الفرقان (جلد ۳) — Page 390

نہیں بنائے اﷲ نے دو دل کسی شخص کے اندر اور نہ بنایا ہے تمہاری ان بیویوں کو جن کو تم نے مائیں کہا۔تمہاری مائیں۔اور نہ بنایاہے تمہارے منہ بولے بیٹوں کو تمہارے بیٹے۔یہ سب تمہارے منہ کی باتیں ہیں۔اور اﷲ تعالیٰ حق فرماتا ہے۔اور وہی راہ دکھاتا ہے۔یہ ایک مثال ہے کہ جیسا یہ ناممکن ہے کہ کسی کے اندر دو دل ہوں۔ایسا ہی یہ بھی ناممکن ہے کہ اس ماں کے سوائے جس کے پیٹ سے آدمی نکلتا ہے کوئی اور عورت اس کی حقیقی ماں بن جاوے اور ایسا ہی یہ بھی ناممکن ہے کہ اس باپ کے سوائے جس کا نطفہ انسان ہو کوئی دوسرا اس کا باپ بن جاوے۔یہ سب منہ کے کہنے کی بات ہے کہ کوئی کسی عورت کو ماں کہہ دے یا کسی مرد کو اپنا باپ کہہ دے ورنہ حقیقت میں ماں صرف وہی ہے جو ایک ماں ہے۔اور باپ صرف وہی ہے جو ایک باپ ہے۔نہ کسی کے اندر دو دل ہو سکتے ہیں اور نہ ایک بچّہ دو پیٹوں سے نکلتا ہے۔اور نہ ایک بیٹا دو مختلف مردوں کے نطفوں کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔کسی شاعر نے اس مثال کو شعر میں خوب بیان کیا ہے۔ہم معتقد دعوٰی باطل نہیں ہوتے سینہ میں کسی شخص کے دو دل نہیں ہوتے (بدر ۲۲؍ستمبر ۱۹۰۵ء صفحہ۳) ۷۔    : ابھی فرما چکا ہے کہ حقیقی ماں نہیں بنتی۔پس یہ اعزاز و اکرام کے رنگ میں ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان یکم ستمبر ۱۹۱۰ء صفحہ ۲۰۴) : اَقْرَب ۱؎