حقائق الفرقان (جلد ۲)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 546 of 607

حقائق الفرقان (جلد ۲) — Page 546

۔کُل آیات کے ارسال سے پہلوں کی تکذیب نے روکا۔مگر اس سے یہ نہیں نکلتا کہ کوئی بھی معجزہ نہیں بھیجیں گے۔چہارم اس لئے کہ اس مَا مَنَعَنَا والی آیت سے اتنا نکلتا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کو معجزات کے بھیجنے سے تکذیب کے ماورا کسی چیز نے نہیں روکا اور ظاہر ہے کہ یہ کوئی روک نہیں۔کہیں منکروں کی تکذیب سے باری تعالیٰ حُجّت کو بند کر دیتا ہے؟ ہمیسہ انبیاء علیھم الصلوٰۃ والسلام کی تکذیب ہوئی۔مگر وہ آتے رہے۔ہمیشہ معجزات پر تکذیب ہُوا کی اور معجزات ہُوا کئے۔الہٰی طاقتیں اور قوتیں منکرین کی روک سے رکتی نہیں۔مَنَعَنَا لفظ کے معنے ہیں۔روکا ہم کو۔اس لفظ کے یہ معنے نہیں کہ ہم رُک گئے۔ہاں اگر قرآن کریم میں یوں ہوتا ۔جس کے معنے ہیں۔نہیں رُکے ہم آیات اور نشانات کے بھیجنے سے مگر اس لئے کہ پہلوں نے تکذیب کی تو البتہ منکرینِ معجزہ کی تقریر کچھ تھوڑی دُور تک چل پرتی۔مگر قرآن میں اِمْتَنَعْنَا نہیں۔مَنَعَنَا ہے۔جس کے معنے ہیں روکا ہم کو۔نہ یہ کہ ’’ رُکے ہیں‘‘ غرض تکذیب نے روکا۔اور باری تعالیٰ نہ رُکا۔روکنے کے ثبوت میں بفرض و تسلیم یہی آیت اور نہ روکنے کا ثبوت وہ آیات ہیں جن میں ثبوتِ آیات ہے۔وَ الْقُرْاٰنُ مُتَشَابِھًا ای یُصَدِّقُ بَعْضُہٗ بَعْضًا۔قرآن کریم کی آیات متشابہ ہیں۔یعنی ایک آیت دوسری آیت کی مصدّق ہوتی ہے۔نہ اسکے مخالف اور مکذّب۔ھٰذَا اَلْیضًا بِتَائِیْدِرُوْحِ الْقُدْسِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ پنجم اس لئے کہ بعض وہ معجزات جن کو یہودی اور عیسائی اور اہلِ مکّہ اہلِ کتاب کے سمجھانے اور بہکانے سے پوچھتے تھے جو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی پیشگوئیوں اور بشارتوں کے بالکل خلاف تھے اور ایسے معجزات کو مخالف لوگ اس واسطے طلب کرتے تھے کہ اگر یہ معجزات خلاف بشارات ظہور پذیر ہوئے تو ہم بشارات اور حضور کی ان پیشگوئیوں کے ذریعہ حضور پر اعتراض کریں گے جو انبیاء نے کتبِ مقدّسہ میں حضور کے حق میں کئے ہیں اور اگر ایسے معجزات بلحاظ ان بشارات کے ہم کو دکھائے نہ گئے تو معجزات کے نہ ہونے کا الزام قائم کر دیں گے۔مثلاً حضور علیہ السلام کی نسبت ایک بشارت میں یہ آیا ہے کہ جو کلام اس نبی موعود پر اُتر ے گا وہ ایک دفعہ کتاب کے طور پر نازل نہ ہو گا۔بلکہ وہ کلام اس نبی موعود صلی اﷲ علیہ وسلم کے مُنہ میں رکھا جائے گا کچھ یہاں اور کچھ وہاں۔غور کرو کتبِ مقدّسہ کی آیات ذیل:۔