حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۱)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 434 of 680

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۱) — Page 434

حقائق الفرقان ۴۳۴ سُورَة البَقَرَة غیر مذہب کا شخص بڑے زور سے کہہ رہا تھا غلاموں کی آزادی دلانے والا عیسائی مذہب ہے۔میں نے کہا کہ مسیح ناصری نے کوئی قانون ان کے لئے نہیں بنایا نہ کوئی حصہ مقرر کیا مگر ہماری شریعت میں قانون ہے جو ان آیات میں مذکور ہے اور پھر بیت المال کا حصہ ان کے لئے مقرر ہے۔چھ مصرفوں کا ذکر تو یہاں کیا اور پارہ ۱۰ میں دو مصرف اور بتائے ہیں ایک مؤلفۃ القلوب۔میرے نزدیک اس زمانہ میں بھی یہ بہت ضروری ہے۔دوم اس محکمہ زکوۃ کے جو ملازم ہیں ان کی تنخواہ۔و اقام الصلوۃ۔وہ پاک عبادت جس کا نام نماز ہے غفلتوں ، ہستیوں، ناکامیوں میں اسے قائم رکھے۔واتى الزكوة - زکوۃ دے۔تزکیہ نفس بھی کرے۔وَالصُّبِرِينَ فِي الْبَاسَاء - باساء کہتے ہیں غریبی ، تنگ دستی کو۔یہ بری بلا ہے۔کسی کے گھر میں شادی ہو۔غریب کے گھر میں بیوی بچوں کے اصرار کی وجہ سے جو وہ کپڑوں اور زیوروں کی وجہ سے کر رہے ہیں ماتم ہو رہا ہے۔امراء میں عید ہے مگر غریب کے گھر رونا پڑا ہو ا ہے مگر مؤمن ان مشکلات کی کچھ پرواہ نہیں کرتا۔پھر اس سے بڑھ کر مشکل ایک اور ہے۔والضراء۔وہ کیا ہے۔بیماری۔چاہے کا نٹا ہی کیوں نہ چبھا ہوا ہو۔پیٹ میں کیوں نہ درد ہو۔آنکھ ہی دکھتی ہو سارا مریض کے لئے اندھیر ہو جاتا ہے اور دولت ، بیوی ، بچے ، عیش وعشرت کے سامان سب بڑے معلوم ہوتے ہیں۔ایک شخص میرے پاس آیا کہ بیوی حسین موجود ہے قوتِ رجولیت نہیں خود کشی کر لوں گا اگر تم نے کوئی امید نہ دلائی۔دیکھو کیسا نازک مقام ہے مگر مومن نہیں گھبرا تا وہ استقلال واستقامت سے رہتا ہے۔پھر اس سے بھی بڑھ کر ایک اور مصیبت ہے۔وَ حِيْنَ الْبَاس۔وہ ہے مقدمات کی۔(خواہ جہاد شمشیر کی صورت میں ہو۔خواہ جہاد قلم کے رنگ میں ہو ) یہ بہت بری بلاء ہے۔دیکھو جنگوں میں کتنی سلطنتیں تباہ ہوئیں۔کتنی مقروض ہوئیں۔کتنے جوان سپاہی اور سپہ سالار ہلاک ہوئے۔ایسے وقت سچا مومن وہ ہے جو مستقل مزاج رہے۔(ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۸ نمبر ۲۳ مؤرخہ یکم اپریل ۱۹۰۹ صفحه ۳۰،۲۹)