حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 484
:دُنیا ہی میں ان کو عذاب دوں گا اور عذاب بھی سخت۔چنانچہ یہود کو جو جو عذاب اور دُکھ پہنچے وہ مخفی نہیںاور یہی دُنیا کا عذاب آخرت کے عذاب کا ثبوت ہو گا۔:پھر یہاںتک ہی ختم نہیں بلکہ غیر قوموں کی محکومیّت میں ایسے آئیں گے کہ اَور مظلوموں کے تو مددگار پیدا ہو جاتے ہیں مگر مسیح کے منکروں کا کوئی مددگار نہ ہو گا۔یہ بھی ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۲۴؍جون ۱۹۰۹ء) بے بس نہایت خاکسار بنی اسرائیل کے گھرانے کے خاتم الانبیاء۔رسول۔مسیح ابنِ مریم علیہما السّلام کے قسی القلب دشمن کدھر گئے۔کوئی ان کا پتہ بتا سکتا ہے۔ان ’’ بے ایمان ‘‘ ’’سانپوں‘‘ اور ’’ سانپوں کے بچّوں ‘‘ پر فتوٰی لگ گیا۔ان پر حکم ہو چکا اور حضرت مسیح علیہ السّلام کے اَتباع جس جاہ و حشم کے ساتھ حضرت مسیح علیہ السّلام کے منکروں پر حکمران ہیں اس سے ہند والے کیا تمام آباد دُنیا والے بے خبر نہیں۔… حضرت عیسٰی علیہ السّلام کے اَتباع اور ان کے ساتھ والے مسلمان ہیں یا عیسائی۔اور ان کے منکر یا یہود ہیں یا اس انڈیا میں آریہ اور مختلف بلاد میں کچھ پارسی اور کچھ بدھ۔یہ تمام منکر قومیں حضرت مسیح علیہ السّلام کے اَتباع کے ماتحت ہیں اور ہمیشہ ماتحت رہیں گی اور پیشین گوئی قیامت تک ثابت اور استحکام کے ساتھ ظاہر رہ کر قایل کے واسطے آیتِ صداقت اور نشانِ نبوّت رہے گی۔کیا جس کتاب میں اس پیشین گوئی کا تذکرہ ہے اور جس کتاب میں اس پیشین گوئی کا دعوٰی اِس طرح پر ہے کہ قیامت تک اسی طرح رہے گی وہ کتاب ایسے علیم و خبیر کی نہیں جو جُزئیات اور کلیات پر محیط اور ان پر بہ تفصیل واقف ہے۔( تصدیق براہین احمدیہ صفحہ ۸،۹) غور کرو یہ کیسی عظیم الشّان اور صادق پیشگوئی ہے کہ مسیحؑ کے اَتباع ہمیشہ مسیحؑ کے منکروں پر غالب اور فوق رہیں گے۔اس کی تصدیق کے لئے دیکھ لو کہ ایک طرف مسلمان یہود کے اصلی مرکز سنٹر بَیت المقدس پر قابض ہیں۔یہود اصلی منکر اور مسلمان اصلی پیروان مسیح ؑہیں دوسری طرف آریہ ورتی عارضی منکروں پر عارضی اتباع نصارٰی حکمران ہیںاور یوں ہی ہمیشہ رہے گا۔ممکن ہے کہ جُملہ رَافِعُکَ اِلَیَّ کو نہ سمجھ کر تم ضلالت کے گڑھے میں گرِے ہو۔سو یاد رکھو اس کی تصریح بَلْ رَفَعَہُ اﷲُ (النّساء:۲۷) نے کر دی ہے جو قرآن کریم کی دوسری جگہ میں ہے۔اس کے معنی ہیں اﷲ نے اُسے رفعت اور بلندی بخشی یعنی جسے خدا بلند اور رفع کرنا چاہے اور کر دے کوئی دشمن اسے گرا نہیں سکتا۔چنانچہ خدا نے یہود کے گندے اور ذلیل منصوبوں سے اسے بچایا اور رفعت دی۔یہی وحی خدا تعالیٰ کی طرف سے حضرت مسیح موعود و مہدی مسعود علیہ السّلام کو بھی ایک عرصہ سے ہو چکی