حقائق الفرقان (جلد ۱)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 173 of 581

حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 173

کیا معنی؟ درشنی گائے ہے۔ہندو ایسی عمدہ گھروں میں رکھتے ہیں اور ان کو گُندھا آٹا کھلاتے ہیں۔اَب یہ بَدبختی پیچھا نہیں چھوڑتی۔کہتے ہیں حضور گائیں بہت ہیں۔گوریاں بھی ہیں ذرا تفصِیل سے پوچھو ہم کو تو شُبہ پڑ گیا ہے۔پھر تاڑ گئے کہ یہ شِرک کو تو پسند نہ کرے گا۔اور فرمایا کہ وہ ذلیل نہیں ہے۔وہ تو کھا کھا کر اتنی موٹی ہوئی ہے کہ وہ زمین پر کُھر مارتی ہے کبھی کھیتی میں نہیں لگائی گئی۔اس میں کِلّا کوئی نہیںاور نہ داغ ہے۔مجبور ہو گئے۔آخر ذبح کرنی پڑی۔آخر انبیاء علیہم السّلام کے حضور کیا پیش جاتی۔ایک اَور بات سُناتا ہوں کہ جب انسان کسی جگہ کو آگ لگاتا ہے تو پہلے دِیاسلائی کو جلاتا ہے۔پہلے چیتھڑے اور کاغذ وغیرہ کو آگ لگاتا ہے۔ان کی غرض یہ ہوتی ہے کہ بڑے بڑے کھنڈر تباہ کر دیں۔اِسی طرح ا فساد کیلئے بعض لوگ ایک امر کو دینی اور مذہبی امر تجویز کر کے اس سے افساد شروع کرتے ہیں اور شاید ان کی اتنی عقل ہوتی ہے یا یہ ان کی بد عادت ہے اس کو پُورا کرنے کو ایک ایمانی امر تجویز کرتے ہیں اِس لئے مَیں اوّل اپنا ایمان ظاہر کرتا ہوں۔ہمارے ایمان میں جو کچھ ہے یہ ہے کہ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اﷲُ اورگواہ رہو قیامت کے دِن پوچھے جاؤ گے کہ کوئی معبود برحق ،محبوب، مطلوبِ حقیقی جس کے آگے کامل اطاعت کریں، تذلّل اختیار کریں اﷲ ہے۔اس کے مقابل میں کوئی نہیں۔ربّ، رحمن ،رحیم، مالکِ یَوم الدّین اس کی صفتیں ہیں۔لاکھوں فرشتے اس نے بنائے ہیں جو اسکے کارخانے میں اس کے حکم کے ماتحت کارکن ہیں۔ان کی معرفت حکمِ الہٰی آتا ہے اور بالواسطہ بھی آتا ہے اور جن کے پاس آتا ہے اگر وہ مامور ہوں تو وہ رسول کہلاتے ہیںاور سب کے سردار نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم ہیں۔اس کے بعد دوزخ، جنّت، پُل صراط، قیامت برحق ہیں۔(الفضل ۱۲؍نومبر ۱۹۱۳ء صفحہ۱۵)