انوار القراٰن (جلد ۳) — Page 533
۵۳۳ سورة الجن تفسیر حضرت خلیفة المسح الثالث عقیدہ کے مطابق اس میں عبادت کر سکتا ہے۔حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں ایک دفعہ نجران کے عیسائیوں کا ایک وفد آیا جو کہ عیسائیوں کے یونیٹیرین فرقہ سے تعلق رکھتا تھا۔یہ فرقہ تثلیث کا منکر اور خدائے واحد و یگا نہ کو ماننے والا تھا۔عیسائیوں میں بعض فرقے ایسے بھی ہیں جو خدا کو وحدہ لا شریک مانتے ہیں اور حضرت مسیح کو خدا کا بیٹا نہیں مانتے۔غرض جب وہ وفد حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے تبادلہ خیالات کے لئے آیا تو دورانِ گفتگو ان کی عبادت کا وقت آ گیا چنانچہ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت چاہی کہ چونکہ ان کی عبادت کا وقت ہو گیا ہے اس لئے اجازت دیں تا کہ وہ باغ میں جا کر عبادت کر سکیں تب حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا کہ باغ میں جانے کی کیا ضرورت ہے۔یہ میری مسجد ہے۔یہ خدا کا گھر ہے۔اس میں خدائے واحد و یگانہ کی عبادت ہوتی ہے۔کسی کا خواہ کوئی عقیدہ ہو وہ یہاں اپنی عبادت کر سکتا ہے۔اس لئے وہ بھی یہاں عبادت کر سکتے ہیں۔۱۹۶۷ء میں جب میں ڈنمارک گیا اور ڈنمارک کی مسجد کا افتتاح کیا تو وہاں کچھ عیسائی بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔مجھے وہاں کے مبلغین نے کہا کہ یہ لوگ اسلام میں دلچسپی تو رکھتے نہیں۔اگر آپ نے لمبی تقریر کی تو یہ لوگ بور ہو جائیں گے اور اُکتا کر چلے جائیں گے۔میں نے کہا ٹھیک ہے تقریر مختصر کر دیتے ہیں۔میں نے اپنے خطبہ میں تین چار پوائنٹس (Points) لئے اور صرف تین منٹ کے اندر بیان کر دیئے۔میں نے اس موقع پر وَ أَنَّ الْمَسْجِدَ لِلهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللَّهِ احدًا کی مختصر تشریح کی اور نجران کے عیسائی وفد کی مثال دی۔یہ تقریر دراصل خطبہ تھا جو میں نے جمعہ کی نماز سے قبل بطور افتتاح کے دیا تھا۔خطبہ کے بعد نماز کے لئے جب میں کھڑا ہوا تو سینکڑوں عیسائی باقاعدہ نیت باندھ کر ہمارے ساتھ نماز میں شامل ہو گئے۔نماز کے بعد مجھے دوستوں نے بتایا کہ جب ہم رکوع میں جانے لگے تو ان کو چونکہ رکوع کرنے کا پتہ نہیں تھا اس لئے وہ ادھر اُدھر دیکھنے کے بعد رکوع میں چلے گئے جب قیام کیا تو پھر ادھر اُدھر دیکھا اور دوسرے لوگوں کی طرح رکوع سے قیام کر لیا اس طرح سجدہ میں چلے گئے۔گویا اس موقع پر موجود تمام عیسائیوں نے بھی ہمارے ساتھ پورے ارکانِ نماز ادا کئے۔صرف اس لئے کہ میں نے خدا کے اس اعلان کو دہرایا تھا وَ اَنَّ الْمَسْجِدَ لِلهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللهِ أَحَدًا -