قتل مرتد اور اسلام — Page 108
108 کیا اس سے یہ لازم آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا دوسروں کی عبادت کرنا حق اور درست ہے؟ الجمعیة کو یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ ہم تو صرف اتنا ہی کہتے ہیں جتنا قرآن شریف فرماتا ہے یعنی ہمارا صرف اتنا فرض ہے کہ ہم لوگوں کو حق پہنچا دیں اس کے بعد ان کا اختیار ہے چاہیں قبول کریں چاہیں قبول نہ کریں ہمیں کسی پر جبر نہیں کرنا چاہئیے۔اس سے اگر الجمعية یہ نتیجہ نکالے کہ اس طرح تمام مذاہب کو سچا مانا پڑتا ہے تو یہ اس کی خوش فہمی ہے۔شق سوم اگر تیسرے معنی لئے جاویں کہ مذہبی عقائد کے متعلق (خواہ غلط ہوں ) دنیا میں اس سے تعرض نہ کیا جائے گا اور اس کو سزا نہ دی جائے گی۔تو اس کا پہلا جواب یہ ہے کہ جب کسی کے غلط عقیدہ پر غلطی کا حکم لگایا گیا اور فتویٰ دیا گیا کہ یہ عقیدہ اور عمل کفر ہے اور اس کی سزا جہنم ہے تو پھر ضمیر کی آزادی کہاں رہی۔اگر آزادی دیتے ہیں تو اس کے عقیدہ اور عمل کو جائز قرار دیں۔دوسرا جواب یہ ہے کہ ایسی صورت میں مذہبی سیاست کا وجود نہیں ہونا چاہیے نہ کسی کو زنا کی سزادی جاوے۔نہ چوری کی۔نہ شراب خوری پر مواخذہ ہو۔نہ بہتان و تہمت پر عمل عقیدہ کی فرع ہے۔اگر عقیدہ میں سزا د ہی ناجائز ہے تو فرع میں سزا دینے کے کیا معنے ہوں گے؟ اقول: یہ تیسرے معنے بالکل درست ہیں۔یہی ہمارا مطلب ہے۔مگر ان معنوں پر الجمعية کی جرح بے بنیاد ہے۔