نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 337 of 358

نُورْ الدِّین بجواب تَرکِ اسلام — Page 337

 (المجادلۃ :۱۱)یہ کانا پھوسی اور مشورہ اللہ سے دور ہلاک ہونے والی خبیث روح شیطان سے ہے کہ غم میں ڈالے مومنوں کو اور یہ لوگ کچھ بھی مومنوں کو ضرر نہیں دے سکیں گے۔پہلے سپارے میں بھی ایسی مخفی مجالس کا ذکر ہے مگر دیکھ لو وہ تمام ممبران اور گرینڈ ماسٹر خائب وخاسر ہوگئے۔آخر اللہ تعالیٰ سمیع بصیر۔علیم وخبیر ہے اپنی مخلوق کی حرکت وسکون جانتا ہے۔آج ہم محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے تارک اسلام کے جوابوں سے فارغ ہوتے ہیں اور ہمیں کامل یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ جیسے اس نے ہم سے وعدہ فرمایا ہے۔     (المائدۃ :۵۵)اگر تم میں سے کوئی ایک مرتد ہوجاوے تو اس کے بدلہ اللہ تعالیٰ ایک بڑی قوم لائے گا جو اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والی اور اللہ تعالیٰ ان سے محبت کرنے والا ہوگا۔اس تارک اور اس کے اور مرتد بھائیوں کے بدلہ ہمیں قوموں کی قومیں مسلمان اور نیک مسلمان جو محبوب الٰہی ہوں گے ،عطا کرے گا اور ضرور عطا کرے گا۔فالحمد للہ رب العالمین۔ان جوابات میں ہم نے علم معانی۔بیان۔بدیع۔غرض علم فصاحت وبلاغت سے کام نہیں لیا۔اور نہ کوئی اور دقیق راہ جوابوں میں اختیار کی ہے جس کو وقت اور نازک خیال لوگ پسند کرتے ہیں اور اردو تو پنجابیوں کی خود نرالی اردو ہوا کرتی ہے۔دہلی۔لکھنؤکے اہل لسان شاید بعض مقامات کو سمجھیں بھی نہیں تو ممکن ہے کیونکہ یہ رسالہ صرف اللہ تعالیٰ کے نام پر ڈیڈی کیٹ کیا گیا ہے صرف اسی کی رضا مندی اصل غرض ہے اسی نے فرمایا کہ حق کا اظہارکرو پس جس کو میں نے حق یقین کیا اس کو مختصر لفظوں میں پیش کیا۔وانما لامر ء مانوی۔نیز ہمیں اوّل تو آریہ سماج کا عام مذاق معلوم ہے اور انصاف یہی ہے کہ یہ لوگ معذور ہیں۔