نُورِ ہدایت

by Other Authors

Page 42 of 1207

نُورِ ہدایت — Page 42

کیا لوگ کہتے ہیں کہ دجال ایک شخص ہے جو سی زمانہ میں قتل کیا جائے گا؟ ایسا ہر گز نہیں۔بلکہ دجال تو وہ مردود شیطان ہے جو بدیوں کا سر چشمہ ہے۔اُسے آخری زمانہ میں جہالتوں کے دور کرنے اور بدیوں کو مٹانے کے ذریعہ قتل کیا جائے گا۔یہ خدائے رحیم کا سچا وعدہ ہے جیسا کہ خدا کے الفاظ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ میں اس کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔پس ہمارے پروردگار کی پیشگوئی راستی و عدل سے اس زمانہ میں پوری ہو گئی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسلام کی طرف نظر کرم فرمائی بعد اس کے کہ اس پر مصائب و تکالیف وارد ہوئیں۔پس اللہ تعالیٰ نے اپنے مسیح کو اس خناس شیطان کے قتل اور اس جھگڑے کے چکانے کیلئے نازل کیا۔اور شیطان کا نام رجیم بطور پیشگوئی رکھا گیا ہے کیونکہ رجم کے معنے بلا شک و شبہ قتل کرنے کے ہیں اور جب مقدر یوں تھا کہ یہ دجال خدائے ذوالجلال کے مسیح کے نازل ہونے کے زمانہ میں قتل کیا جائے گا۔لہذا اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ سے قبل ہی ان لوگوں کی تسلی اور بشارت کے لئے جو گمراہی کے زمانہ سے ڈرتے ہیں خبر دے دی۔بسم الله الرحمنِ الرَّحِيمِ اعجاز امسیح۔روحانی خزائن جلد 18 صفحہ 81-89) یہ آیت سورۃ ممدوحہ ( یعنی سورۃ فاتحہ ) کی آیتوں میں سے پہلی آیت ہے اور قرآن شریف کی دوسری سورتوں پر بھی لکھی گئی ہے اور ایک اور جگہ بھی قرآن شریف میں یہ آیت آئی ہے اور جس قدر تکرار اس آیت کا قرآن شریف میں بکثرت پایا جاتا ہے اور کسی آیت میں اس قدر تکرار نہیں پایا جاتا۔اور چونکہ اسلام میں یہ سنت ٹھہر گئی ہے کہ ہر ایک کام کے ابتدا میں جس میں خیر اور برکت مطلوب ہو بطریق تبرک اور استمداد اس آیت کو پڑھ لیتے ہیں اس لئے یہ آیت دشمنوں اور دوستوں اور چھوٹوں اور بڑوں میں شہرت پاگئی ہے یہاں تک کہ اگر کوئی شخص تمام قرآنی آیات سے بے خبر مطلق ہو۔تب بھی امید قوی ہے کہ اس آیت سے ہر گز اس کو بے خبری نہیں ہوگی۔42