نظامِ خلافت اور خلافت احمدیہ کے سو سال — Page 250
۲۲۹ انگریزی ترجمہ قرآن مجید مسلمانوں کی طرف سے انگریزی زبان میں قرآن کریم کا کوئی قابل اعتبار تر جمہ موجود نہ تھا۔حضرت خلیفتہ المسیح الاول کے زمانہ میں جماعت نے اس طرف توجہ کی۔چنانچہ انگریزی زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ اور تفسیر تیار کرنے کا کام صدر انجمن احمدیہ کی نگرانی میں اس کے سیکرٹری مولوی محمد علی صاحب ایم اے نے شروع کیا۔حضرت خلیفہ اول خود ترجمہ اور تفسیری نوٹ سنتے اور اصلاح فرماتے تھے لیکن افسوس ہے کہ جب خلیفہ اول کی وفات کے بعد حضرت خلیفہ ثانی خلیفہ منتخب ہوئے اور مولوی محمد علی صاحب خلافت سے منکر ہو کر لاہور چلے گئے تو وہ ترجمہ بھی ساتھ لے گئے اور اپنے بدلے ہوئے عقیدوں اور خیالات کے مطابق اس میں انہوں نے تبدیلی کر لی۔چنانچہ خلافت ثانیہ کے زمانہ میں اس کا از سرنو شروع کر کے مکمل کیا گیا اور نہایت اعلیٰ درجہ کا انگریزی ترجمۃ القرآن شائع کیا گیا۔پہلے بیرونی مشن کا قیام حضرت خلیفہ مسیح الاول کے عہد کا ایک خاص واقعہ یہ ہے کہ آپ کے زمانہ میں جماعت احمدیہ کا پہلا بیرونی مشن انگلستان میں قائم ہوا۔محترم چودھری فتح محمد صاحب سیال ایم اے جماعت احمدیہ کے پہلے با قاعدہ مبلغ تھے جو تبلیغ کے لئے لندن بھیجے گئے۔