نماز اور اس کے آداب — Page 94
94 حفاظت نماز حضرت خلیفة المسح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:۔”جو لوگ بندوں کا حق مارتے ہیں اور ظلم اور تعدی کے مرتکب ہوتے ہیں وہ نماز کی حقیقت سے ناواقف ہیں۔انہوں نے نماز کو دکھاوے، تکبیر اور محض نمائش اور نفس کی بڑائی کا ذریعہ بنالیا ہوتا ہے۔ایسے نماز پڑھنے والوں کے لئے قرآن کریم نے ہلاکت کی خبر دی ہے کیونکہ وہ نماز بھی پڑھتے ہیں اور بنی نوع انسان کے حقوق ادا نہیں کرتے۔چھوٹی چھوٹی باتوں میں غریبوں کو تنگ کرتے ہیں۔ہمسایہ بھوکا ہے تو اس کی پروا نہیں کرتے۔بندوں کے حقوق ادا کئے بغیر نماز بے کار اور بے فائدہ ہو جاتی ہے۔اس پہلو سے جماعت احمدیہ کو اپنی نمازوں کی بہت زیادہ حفاظت کرنی چاہئیے۔قرآن کریم نے نماز کی حفاظت کے سلسلہ میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایک بڑی پیاری دعا کا ذکر فرمایا ہے کہ وہ اپنے اہل و عیال کو نماز اور زکوۃ کی تاکید فرمایا کرتے تھے۔نمازوں کے بالالتزام ادا کئے بغیر ہم دنیا کی اصلاح نہیں کر سکتے۔اس لئے ذیلی تنظیمیں گھر گھر جا کر لوگوں کو نماز کی طرف توجہ دلائیں۔وہ گھروں کے دروازے کھٹکھٹائیں اور نمازوں کے لئے بیوت الذکر میں آنے کی تلقین کریں۔(خطبہ جمعہ 9 نومبر 1982ء)