مسلمانوں کا نیوٹن ۔ ڈاکٹر عبدالسلام

by Other Authors

Page 271 of 433

مسلمانوں کا نیوٹن ۔ ڈاکٹر عبدالسلام — Page 271

(۲۷۱) مزید تصدیق پروفیسر بار کو Barkov کی سربراہی میں نووسی برسک Novosi Birsk میں کئے گئے تجربات سے بھی ہو گئی۔میں ان دونوں اور دوسری بہت سی بڑی بڑی تجر با گاہوں کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جہاں یہ ثابت کر دیا گیا کہ خفیف نیوکلیائی قوت اور برقی مقناطیسی قوت کی حقیقت ایک ہے۔آگے کا مرحلہ یہ دیکھنا ہے کہ تیسری یعنی شدید نیوکلیائی قوت بھی اس وحدت کا ایک حصہ ہے۔اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ ہم نے اس نظریہ کو پیش کیا ہے اور ساتھ ہی کچھ ایسے تجربات بھی تجویز کئے ہیں جن سے اس نظریہ کی تصدیق ہو سکے۔یہ تجربات امریکہ، یوروپ، اور ہندوستان میں شروع ہو چکے ہیں۔اگر ان تجربات سے مثبت نتائج بر آمد ہوئے تو انشاء اللہ چند برسوں میں ہم یہ ثابت کر دیں گے کہ ہر قسم کی نیوکلیائی قوت ( اور صرف خفیف نیوکلیائی قوت ہی نہیں ) بعینہ برقی قوت ہے جو ایک ایٹم کو گرفت میں رکھے رہتی ہے۔اس کے بعد آخری مرحلہ یہ رہ جائیگا کہ نقلی ، برق مقناطیسی اور نیوکلیائی قوتوں کی وحدانیت بھی ثابت کی جا سکے۔اس نظریہ وحدت کا نقطہ عروج یہ ہو گا کہ وہ قوت جو چاند کو اپنے دائرہ گردش میں رکھتی ہے اور جس کی وجہ سے سیب زمین پر گرتا ہے یعنی کشش ثقل اس وحدانیت کا ایک جزو ہے جس کے اجزاء نیوکلیائی اور برق مقناطیسی قو تیں ہیں۔آج یہ بات ناممکنات میں شمار کی جاتی ہے لیکن ہمیں یقین کامل ہے کہ یہ بھی ایک دن صحیح ثابت ہو جائیگی اس نظریہ کو جس کا اشارہ آئن سٹائن کے یہاں ملتا ہے صحیح طور پر پیش کرنے اور اس کے لئے ثبوت حاصل کرنے میں شاید ابھی پچاس سال اور لگ جائیں۔کتنا جی چاہتا ہے کہ اس مسئلہ کے حل کا سہرا عالم اسلام کے کسی جواں سال اور جواں فکر ماہر طبیعات کے سر بندھے۔فطرت کی بظاہر غیر متعلق قوتوں کے درمیان وحدانیت کی تلاش سائینس دانوں کا مسلک ہے اور میرے لئے مسلمان ہونے کے ناطے سے جزو ایمان۔اللہ کا ہزار ہزار شکر ہے کہ اس نے مجھے توفیق عطا فرمائی اور اسکی قدرت کے راز اس طرح آشکار ہوئے۔ذلک فضل الله يوتيه من يشاء