مِرقاتُ الیقین فی حَیاتِ نورالدّین — Page 121
میں بہت سے جو ملے ہوئے ہوں۔چنانچہ وہ گیہوں لائے جس میں بہت ہی جو ملے ہوئے تھے۔خوش ہو کر فرمانے لگے کہ یہ گیہوں کون لایا ہے ؟ اس شخص نے سفارش کے طور پر کہا کہ ولی داد خاں لائے ہیں فرمانے لگے کہ اب ان کو عقل آگئی ہے۔لہذا آئندہ وہی لایا کریں۔ایک دفعہ مذاہب کے متعلق دریافت کیا گیا تو فرمایا اشهر المذاهب مذهب أبي حنيفة واوسع المذاهب مذهب مالك واقول المذاهب مذهب الشافعي و احوط المذاهب مذهب احمد بن حنبل - آپ کو میں نے نہایت ہی وسیع الخلق پایا اور کم کلامی میں تو مجھ کو تعجب بھی آتا تھا۔وہاں آپ کے مکان میں ہر روز ختم ہو تا تھا اور بعض مریدین انیس ہزار دفعہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ ہر روز پڑھتے تھے۔ایک شخص نے شکایت کی کہ نور الدین اتنی محنت نہیں کرتا۔نیز امام کے پیچھے الحمد پڑھتا ہے اور رفع یدین کا قائل ہے۔آپ نے فرمایا کہ آپ ایک ایسی چھری لائیں جو رفع یدین اور فاتحہ خلف الامام کے مسئلہ کو بخاری میں سے کاٹ سکے اور انیس ہزار بار لا اله الا اللہ پڑھنے کی کوئی سند ہے تو وہ نو ر الدین کو دکھلائی جائے۔اگر وہ صحیح ہوگی تو وہ مان لے گا۔اس پر ہمارے سب پیر بھائی بالکل خاموش ہو گئے۔میرے حجرہ کے ساتھ ایک اور حجرہ تھا۔اس میں مولوی نبی بخش نام چشتی جامپور کے رہنے والے رہتے تھے۔ایک دفعہ ایک رکعت وتر کے معاملہ میں ان سے دوستانہ گفتگو تھی۔جس میں انہوں نے مجھ سے کہا کہ ایک رکعت و تر امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علیہ کی تحقیقات کے خلاف ہے اور کوئی دلیل اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔امام کا فیصلہ کافی دلیل ہے کہ ایک رکعت کوئی نماز نہیں کچھ دن کے بعد میں نے ان کو ایک کتاب میں نماز عاشقان دکھائی جو ایک رکعت ہوتی ہے اور ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر پڑھی جاتی ہے۔انہوں نے فرمایا کہ یہ نماز بہت ہی مجرب ہے۔میں نے کہا کہ یہ امام صاحب کی اس ایک رکعت والی تحقیق کے خلاف ہے۔تب انہوں نے امام صاحب رحمہ اللہ علیہ کے حق میں بڑی ہی گستاخی کے کلمات کئے۔میں نے کہا کہ اُس دن آپ اتنے مداح تھے یا اب ایسے گستاخ ہیں۔تو کہنے لگے