میری پونجی

by Other Authors

Page 306 of 340

میری پونجی — Page 306

اور طلعت محمود کی کا نپتی ہوئی آواز میں شامل ہو گئی ہیں۔میں دیکھ رہی ہوں بینا ! تم نے کب سے ناشتہ چن رکھا ہے۔پان دان بھی ساتھ ہے اور پیک دان بھی۔تمباکو، کتھا، چھالیہ، چونا۔یہی کچھ تو تمہارے ابو کو پسند ہے۔مگر یہ نہیں سوچتے کہ ان پچکاریوں کی رنگینی نے اُن کے موتی جیسے دانتوں کا کیا حشر کر رکھا ہے۔ایک کے بعد ایک جھڑ رہا ہے۔کیا میں سچ نہ کہا کرتی تھی کہ آپ مجھے یاد کیا کرینگے اور اُداسیاں بے چین کر دیا کرینگی۔جب مجھے اپنے پاس نہ پاسکو گے تو ایسے میں کوئی دکھ بھرا گیت، کوئی پیار کا نغمہ گلے سے باہر نہیں نکل سکے گا۔ایک گلوری ہی تو ہوگی جوحلق کا ساتھ دیگی یا پھر میری روح کی بے چینیاں ہونگی جو ساتھ دینگی اور زندگی کا احساس دلایا کرینگی اور ایسے لگا کرے گا جیسے میں پاس ہی تو ہوں۔ہاں ! میں پاس ہی ہوں اور پاس نہیں بھی ہوں۔اس لیے کہ میری آواز میں تو ہیں مگر آج ان کو آپ سن نہیں سکتے۔وہ آوازیں جو آپ کے کانوں میں رس گھول دیا کرتی تھیں، آج فضاؤں میں تیر رہی ہیں۔انہی یادوں کے پر وبال مجھے آج اُڑا لائے ہیں اور یہ بتانے آئی ہوں کہ میری تو ہر بگڑی بگڑی بنانے والے نے بنائی ہے۔مجھے تو اس دنیا میں بھی ، جہاں سورج چمکتا تھا، چاندنی ہوا کرتی تھی ، ہوائیں چلا کرتی تھیں ، بارشیں برسا کرتی تھیں، برف گرتی تھی، کبھی کبھار آندھی اور جھکڑ بھی چلا کرتے تھے ،سب کچھ اُسی ذات پاک نے دیا تھا۔کچھ پتا ہے آپکو یہاں آندھیاں نہیں اُٹھتیں، جھکڑ بھی نہیں چلتے۔سورج اور چاند میں جو چمک دیکھا کرتی تھی وہ سچ سچ اُن کی اپنی نہیں تھی۔وہ تو وہ تھی جو میں اب محسوس کر رہی ہوں۔کاش میں تم سب کو بھی محسوس کروا سکتی، وہ روشنی کچھ اور ہی ہے جس کی ٹھنڈک میں خاص راحت اور لطف (306)