مذہب کے نام پر خون

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 265 of 330

مذہب کے نام پر خون — Page 265

۲۶۵ مذہب کے نام پرخون مجرم ہونا صرف اس وقت ہی پایہ ثبوت کو پہنچے گا جب ذاتی اغراض سے پاک اور مبرا قابل اعتماد مسلمان ایک غیر جانبدار کی حیثیت سے حکام مجاز کے سامنے اس کے عادی مجرم ہونے کا ناقابل تردید ثبوت پیش کریں۔اس کی خاطر فتویٰ میں ایک اہم تاکیدی و انضباطی شق کا اضافہ کیا گیا تھا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابوالسعود نے سزائے موت کا ایسا مشروط فتویٰ قرآن اور حدیث کی سند موجود نہ ہونے کے شدید احساس کے تحت دیا تھا۔وہ جانتے تھے کہ سب ( یعنی اہانت رسول ) کی سزا دینا صرف اور صرف خدا تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔فتویٰ اغلباً سیاسی دباؤ کے تحت دیا گیا تھا کیونکہ مفتی اعظم نے فتویٰ میں ایک امر کی وضاحت کر کے اس کے مؤثر ہونے کی خود ہی نفی کر دی۔انہوں نے لکھا کہ جو لوگ سرے سے ایمان ہی نہیں لائے وہ اپنے اس عدمِ ایمان یعنی کفر کو اپنے عقیدے کی رو سے درست سمجھتے ہیں اس لئے اس بارہ میں اپنے عدم ایمان کا اظہار انہیں مجرم نہیں بنا سکتا۔یعنی کافروں کی طرف سے حضرت اقدس محمد رسول اللہ کے پیغمبرانہ مشن کا انکار گستاخی نہیں ہے اس لئے ایسے انکار کو ارتکاب جرم پر محمول نہیں کیا جاسکتا۔کسی مسلمان کے ایمان کی کیفیت (یعنی مرتبہ و مقام ) اور رسول اللہ کے لئے اس کے جذ بہ احترام کی کیفیت کو قانونی تعریف کے دائرے میں محصور نہیں کیا جاسکتا یعنی ایمان کی کیفیت اور جذ بہ احترام کی کیفیت کی کوئی قانونی تعریف ممکن نہیں ہے۔مزید برآں کسی کا فر پر بندوق تان کے نہ تو اسے اسلام لانے پر مجبور کیا جاسکتا ہے اور نہ اس سے حضرت اقدس رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا زبر دستی احترام کروایا جا سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے ارتداد اور سب کی اس دنیا میں کوئی سزا مقرر نہیں کی۔اسی لئے اس امر کے باوجود کہ عبد اللہ بن اُبی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں تحقیر آمیز الفاظ استعمال کئے آپ نے اسے اس گستاخی اور اہانت کی کوئی سزا نہیں دی۔اس ضمن میں یہ امر بھی خاص طور پر قابل غور ہے کہ مذہب کا رُخ سیاست کی طرف موڑنے والے علماء ان دو جرائم (ارتداد اور سب) کی مزعومہ سزا کو بڑی آسانی سے سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔وہ مذہبی مفادات کو مادی مقاصد کے لئے استعمال کر کے ان کی حرمت کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔اپنی سیاسی اور مادی اغراض کو پورا کرنے کے لئے مذہبی عقائد