مضامین ناصر

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 163 of 239

مضامین ناصر — Page 163

۱۶۳ صدمہ اور مصیبت کے اوقات میں صحیح طرز عمل قرآن مجید کی پر حکمت تعلیم اور اس کی وضاحت مورخہ ۸۵۷ ستمبر ۱۹۶۳ء کومسجد احمد یہ لائلپور میں مجالس انصار اللہ ضلع لائلپور کا سالانہ اجتماع منعقد ہوا تھا اس میں محترم صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ مرکزیہ نے حضرت مرزا بشیر احمد صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات کے عظیم جماعتی سانحہ کے پیش نظر ایک بصیرت افروز تقریر کے دوران قرآن مجید کی روشنی میں اس امر کو وضاحت سے بیان کیا تھا کہ صدمہ اور مصیبت کے اوقات میں مومنوں کا طرز عمل کیا ہونا چاہیے۔آپ کی اس بصیرت افروز تقریر کا خلاصہ افادہ ا حباب کی غرض سے ذیل میں ہدیہ قارئین کیا جا رہا ہے احباب کو چاہیے کہ اس کے بغور مطالعہ کے بعد اس میں بیان کردہ قرآنی تعلیم پر کماحقہ عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں۔(ادارہ) ہمارے دل بے حد اداس ہیں اور بجاطور پر اداس ہیں اس لئے کہ ایک نہایت ہی محبوب اور نہایت درجہ واجب الاحترام ہستی ہم سے جدا ہوگئی ہے۔یہ صدمہ واقعی بہت بڑا اور بہت عظیم ہے۔اس پر غم واندوہ اور حزن و ملال کا لاحق ہونا ایک قدرتی امر اور بشری تقاضا ہے لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اسلام کی تاریخ میں مسلمانوں کو سب سے بڑے صدمہ کا سامنا اس وقت ہوا تھا جب سرور کائنات فخر موجودات حضرت محمد مصطفی ﷺ کا وصال ہوا اور آپ نے اللہ تعالیٰ کی منشاء اور اس کی رضاء کے ماتحت اس عالم فانی سے عالم جاودانی کی طرف رحلت فرمائی۔