مضامین ناصر — Page 90
سیلاب کی تباہ کاریاں اور مجالس خدام الاحمدیہ کا اولین فرض ہمارے ملک میں سال کے وسطی ایام بارش اور سیلاب کی ہلاکت خیزیوں کے باعث اکثر تشویش ناک شکل اختیار کر لیتے ہیں اور عوام کو ہر دفعہ ہی ایک نئی قیامت سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔چنانچہ حال ہی میں لائکپور، لاہور، جھنگ، منٹگمری ، خوشاب اور میانوالی کے اضلاع میں جو بارشیں ہوئی ہیں۔ان سے صوبہ کے ایک وسیع رقبہ میں حشر بپا ہو گیا ہے۔سینکڑوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں اور ہزاروں دیہاتی باشندے اپنی رہائش گاہوں کو سیلاب کی نذر کر کے انتہائی کسمپرسی اور بے چارگی کے عالم میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔اس دردناک صورت حال کا تقاضا تھا کہ ملک کے تمام سیاسی اور مذہبی ادارے بلا تفریق نظریہ و مسلک ان ستم رسیدوں کے بچاؤ اور اعانت کی کوئی فوری تدابیر اختیار کر کے عملی کام شروع کر دیتے۔مگر جہاں تک ہماری معلومات ہیں اس اہم کام کی طرف پوری توجہ نہیں دی گئی اور اس سلسلہ میں پہلی آواز اگر بلند ہوئی ہے تو مجلس خدام الاحمدیہ کے مرکز سے بلند ہوئی ہے۔جو اس کی فراست، معاملہ فہمی اور ملی جذبہ خدمت کا ایک نمایاں ثبوت ہے۔مجلس خدام الاحمدیہ کے محبوب قائد حضرت صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب سَلَّمَهُ اللهُ تَعَالیٰ نے اس بارہ میں خدام کے نام جو پیغام ارسال فرمایا ہے اس کا مکمل متن درج ذیل ہے۔(ایڈیٹر ) برسات کا موسم شروع ہو چکا ہے۔بارشیں کافی ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے مکانات خصوصاً کچے مکان گر رہے ہیں غریب طبقہ استطاعت نہیں رکھتا کہ وہ فوری طور پر خود مکان بنا سکے۔