مضامین ناصر — Page 110
11+ زبانوں کو ہر وقت تر رکھنا چاہیے۔تا خدائی افضال اور رحمتوں کے وہ مورد بنے رہیں اور وہ روحانی انقلاب جس کا خدا نے وعدہ فرمایا ہے جلد دنیا میں ظاہر ہو کر اسلام کو پورے کرہ ارض پر غالب کر دے۔لہذا یہ دعائیہ تفسیر افادہ احباب کی غرض سے ذیل میں شائع کی جارہی ہے۔(ادارہ) اے ہمارے اللہ ! اے ہمارے رب ! تو ازلی ابدی خدا ہے خالق و مالک اور حتی وقیوم ہے۔تو اپنی ذات میں اکیلا اور منفرد ہے۔ذات اور صفات میں کوئی تیرا ہمتا اور ہمسر نہیں۔حقیقی محسن تو ہی ہے اور تو ہی سب تعریفوں کا حقیقی مستحق ہے۔تو بلند درجات والا اور غیر محدود ہے۔تیری غیر محدود نعمتیں تیری ان گنت مخلوق پر ہر آن اور ہر لحظہ جاری ہیں۔تیرے قرب کے دروازے غیر محدود ہیں اور ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔کوئی مقام قرب ایسا نہیں جس سے آگے قرب کا کوئی اور مقام نہ ہو۔اے صمد خدا! تو کسی کا محتاج نہیں اور سب مخلوق تیری محتاج ہے ہم بھی تیرے ہی محتاج ہیں اور تیرے ہی سامنے اپنی ضرورتوں اور احتیا جوں کو پیش کرتے ہیں۔اے لَمْ يَلِدْ خدا! اے لَمْ يُولَدُ خدا! تو ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔تو نے اپنی صفات کسی سے ورثہ میں حاصل نہیں کیں اور نہ کوئی اور ان صفات کو تجھ سے ورثہ میں حاصل کرے گا۔کوئی ہستی اور کوئی وجود تیرا مماثل اور مشابہ نہیں۔اپنی ذات اور اپنی صفات میں تو یکتا ہے۔اے ہمارے خدا! جو واحد و یگانہ ہے، اے ہمارے رب جواز لی اور ابدی ہے، تو نے ہی محمد رسول اللہ ﷺ کو ایک کامل اور مکمل شریعت دے کر دنیا کی طرف بھیجا ہے۔تو نے ہی آپ کو روحانی دنیا کے لئے سورج بنایا ہے۔ہم تیرا واسطہ دے کر تجھ سے ہی یہ دعا کرتے ہیں کہ تو ہمیں اپنی اس روشنی کی سب برکتوں سے مالا مال کر۔اے خدا روحانی علوم کے یہ دریا اور دنیوی ترقیات کی یہ فراوانی ہمیں خود پسندی کی طرف نہ لے جائے اور عیش وعشرت میں نہ ڈبودے۔اے خدا! ہم پر ایسا فضل کر کہ جس طرح تو اپنے سورج کو آہستہ آہستہ اور بتدریج نصف النہار تک لے جارہا ہے۔ہم بھی تیری صفت ربوبیت کے ماتحت آہستہ آہستہ اور بتدریج روحانی کمالات تک پہنچتے رہیں۔اے خالق خدا،