مضامین بشیر (جلد 4) — Page 530
مضامین بشیر جلد چهارم 530 بسم الله الرحمن الرحيم میں نے کتاب ”بچوں کی تربیت مصنفہ ماسٹر محمد شفیع صاحب اسلم کے بعض حصص دیکھتے ہیں۔ماسٹر صاحب کی یہ کوشش بہت قابل قدر ہے کیونکہ اس قسم کے لٹریچر کی اس وقت بہت ضرورت ہے تا کہ آئندہ نسل کو اخلاقی اور دینی لحاظ سے صحیح رستہ پر ڈالا جا سکے اور ان بداثرات سے بچایا جا سکے جو آج کل عموماً بچوں اور نو جوانوں کے اخلاق و عادات کو خراب کر رہے ہیں۔میں امید کرتا ہوں کہ طبع ثانی کے وقت ماسٹر صاحب موصوف اس کتاب کو موجودہ صورت سے بھی بہتر صورت میں پیش کریں گے۔کیونکہ اس قسم کے لٹریچر میں بہت ترقی کی گنجائش ہے۔بہر حال یہ ایک بہت مفید قدم ہے جو ماسٹر صاحب کی طرف سے اٹھایا گیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ مذہب وملت کے اصحاب اس کتاب کی قدر کرتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔۔۔۔۔۔۔۔روزنامه الفضل قادیان 11 دسمبر 1937 ء) اخلاق مسیح کی ایک جھلک قمر الانبیاء حضرت مرزا بشیر احمد صاحب ایم۔اے کی مبارک قلم سے:۔مجھے معلوم ہوا ہے کہ خلافت جو بلی کے موقع پر ادارہ الحکم بھی الفضل کی طرح ایک خاص نمبر شائع کر رہا ہے اور ایڈیٹر صاحب الحکم نے مجھ سے خواہش کی ہے کہ میں بھی اس خاص نمبر کے لئے ایک مضمون لکھوں اور ایڈیٹر صاحب کے علاوہ اس اخبار کے بانی ہمارے مکرم شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی نے بھی مجھے ایک خط کے ذریعہ تحریک فرمائی ہے۔افسوس ہے کہ میں اپنی کتاب سلسلہ احمدیہ کی تصنیف کی مصروفیت کی وجہ سے اس وقت کوئی علیحدہ مضمون نہیں لکھ سکتا مگر ان اصحاب کی خواہش کو ملحوظ رکھتے ہوئے سلسلہ احمدیہ کے مسودہ سے ایک چھوٹا سا حصہ ان کی خدمت میں نقل کر کے بھجوا رہا ہوں تا کہ مجھے اس مبارک تقریب میں شرکت کا ثواب حاصل ہو جاوے۔جہاں تک اُن اخلاق کا سوال ہے جو دین اور ایمان سے تعلق رکھتے ہیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام میں دو خلق خاص طور پر نمایاں نظر آتے تھے۔اول۔اپنے خدا دامشن پر کامل یقین۔