مضامین بشیر (جلد 3)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 259 of 760

مضامین بشیر (جلد 3) — Page 259

مضامین بشیر جلد سوم 259 (7) ساتویں اور آخری بات جو میں رمضان کے متعلق کہنا چاہتا ہوں وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ایک نصیحت پر مبنی ہے۔حضرت مسیح موعود فرمایا کرتے تھے کہ بدیوں کو ترک کرنے کے لئے ایک خاص قسم کا ماحول سازگار ہوا کرتا ہے اور یہ ماحول رمضان کے مہینہ میں بدرجہ اتم میسر آتا ہے۔پس لوگوں کو چاہئے کہ رمضان کے مہینہ میں اپنے نفس کا مطالعہ کر کے اپنی کسی بدی کو ترک کرنے کا عہد کر لیں اور پھر اس عہد پر پختگی سے قائم ہو جائیں۔ایسا عہد کرنے والے کے لئے اپنی بدی اور کمزوری کے اظہار کی ضرورت نہیں۔صرف اپنے دل میں خدا سے عہد کرنا ضروری ہے۔بلکہ اظہار کرنا عام حالات میں خدا کی ستاری کے خلاف ہوتا ہے۔پس اس رمضان میں دوست تزکیہ نفس کے لئے اس نسخہ کو بھی آزما کر دیکھیں۔انشاء اللہ وہ اسے مفید پائیں گے۔جب میں قادیان کے زمانہ میں ناظر تعلیم وتربیت ہوتا تھا تو میں نے بعض رمضان کے مہینوں میں اس کی تحریک کی تھی اور خدا کے فضل سے بہت سے دوستوں نے اس سے فائدہ اٹھایا تھا۔امید ہے کہ اب بھی دوست حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس نیک اور بابرکت تحریک سے فائدہ اٹھانے کی پوری پوری کوشش کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے دوستوں کے ساتھ ہو اور ان کا حافظ و ناصر رہے اور انہیں حسنات دارین سے نوازے اور ان کے لئے دین و دنیا میں راحت و برکت اور ترقی کا رستہ کھولے۔آمین بالآخر میں دوستوں سے حضرت خلیفہ مسیح الثانی ایدہ الہ تعالیٰ کی صحت اور پیش آمدہ سفر سے حضور کی بخیریت اور کامیاب و بامراد واپسی کے لئے بھی دعا کی تحریک کرتا ہوں۔امام کا وجود جماعت کے لئے تاج کا حکم رکھتا ہے اور اس تاج کو بہترین حالت میں رکھنا اور بہترین حالت میں دیکھنا ہر مخلص احمدی کا فرض ہے تا حضور کی قیادت میں اسلام کی فتح اور غلبہ کا وقت قریب سے قریب تر آجائے اور لوگ دنیا میں پھر یہ نظارہ دیکھیں کہ الْإِسْلَام يَعْلُو وَلَا يُعْلَى عَلَيْهِ۔( صحیح بخاری کتاب الجنائز باب إِذَا أَسْلَمَ الصَّبِيُّ فَمَاتَ هَلْ يُصَلِّي عَلَيْهِ) وَاخِر دَعُونَا أَنِ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِيْنَ (محررہ 24 اپریل 1955ء) (روز نامہ الفضل 26 اپریل 1955ء)