مضامین بشیر (جلد 3) — Page 189
مضامین بشیر جلد سوم 189 کسی ایک کو انتخاب کرنا ہے تو بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی کو تو خواب میں لڑکے یا لڑکی کا دینی پہلو دکھا دیتا ہے۔اور کسی کو اس کے روزگار کے پہلو پر آگاہ کر دیتا ہے۔اور کسی کو اس کی صحت کے بارے میں اشارہ فرما دیتا ہے۔اور کسی کو آئندہ اولاد کے لحاظ سے نظارہ دکھا دیتا ہے۔اور کسی پر میاں بیوی کے آئندہ اتحاد اور محبت کی جہت سے انکشاف فرما دیتا ہے وغیرہ وغیرہ۔اور یہ انکشاف عموماً استخارہ کرنے والے کے ذاتی رجحان کی بناء پر ہوا کرتا ہے۔اور ان مختلف نظاروں کے دکھانے میں خدا تعالیٰ کی یہ غرض ہوتی ہے کہ لو ہم نے تمہیں امر پیش آمدہ کے مختلف پہلو دکھا دیئے ہیں۔اب اپنی عقل و فکر کو کام میں لا کر خود فیصلہ کر لو کہ کونسا رشتہ مناسب ہے۔ظاہر ہے کہ رشتہ کے معاملہ میں میاں بیوی کی ازدواجی زندگی پر اثر ڈالنے والی اور خانگی خوشی کو درخشاں یا مکدر کرنے والی بہت سی باتیں ہوتی ہیں۔مثلاً بعض اوقات میاں بیوی میں محبت تو ہوتی ہے مگر خاوند دیندار نہیں ہوتا۔یا خاوند دیندار تو ہوتا ہے مگر اس کی صحت خراب ہوتی ہے۔یا صحت بھی اچھی ہوتی ہے مگر مال کی تنگی ہوتی ہے۔یا مال کی تنگی بھی نہیں ہوتی مگر کسی خاص رشتہ کے نتیجہ میں اولا دخراب پیدا ہونی مقدر ہوتی ہے۔وغیرہ وغیرہ۔تو ایسی صورت میں جبکہ آئندہ زندگی کا کوئی پہلو تو روشن ہوا اور کوئی پہلو تاریک ہو۔اللہ تعالیٰ مختلف لوگوں کو مختلف پہلو دکھا کر انسانی دماغ کی تربیت کے لئے یہ اشارہ فرما دیتا ہے کہ اب تصویر کے مختلف پہلو تمہارے سامنے ہیں۔سواب ہماری دی ہوئی معقل سے کام لے کر خود سوچو اور فیصلہ کرو۔دوسری وجہ یہ ہوتی ہے کہ بعض اوقات مختلف خوابوں کی تعبیر غلط سمجھی جاتی ہے۔یعنی حقیقتا تو کوئی اختلاف نہیں ہوتا۔مگر لوگ اپنی ناسمجھی سے خوابوں کو متضاد خیال کر کے پریشان ہونے لگتے ہیں۔حالانکہ ان کی حقیقی تعبیر متضاد نہیں ہوتی۔دراصل خوابوں کی تعبیر کا علم بڑا باریک اور بڑا نازک ہے۔بعض اوقات خواب میں رونا دیکھا جاتا ہے اور اس سے ہنسنا مراد ہوتا ہے۔اور بعض اوقات خواب میں ہنسنا دیکھا جاتا ہے مگر اس سے رونا مراد ہوتا ہے۔یا بعض اوقات ایک قسم کے حالات میں رونے کی تعبیر خوشی ہوتی ہے اور دوسری قسم کے حالات میں رونے کی تعبیر غم ہوتا ہے۔اسی طرح بعض صورتوں میں بعض متبرک وجودوں کو خواب میں دیکھنے سے بظا ہر غم کی زندگی مراد ہوتی ہے۔مثلاً حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو خواب میں دیکھنے کی بعض اوقات یہ تعبیر ہوتی ہے کہ دیکھنے والے کو زندگی میں کوئی غم پیش آئے گا۔حالانکہ ویسے حضرت فاطمتہ الزہرا مومن عورتوں کی سرتاج ہیں۔پس دوسری وجہ استخارہ کے نتیجہ میں بظاہر متضاد خوابوں کی یہ بھی ہوسکتی ہے کہ خواب دیکھنے والے یا خواب کو سننے والے لوگ اپنی نا واقفیت سے خوابوں کی تعبیر میں غلطی کرتے ہیں اور انہیں متضاد خیال کرنے لگ جاتے ہیں حالانکہ حقیقی تعبیر کے لحاظ سے کوئی تضاد نہیں ہوتا۔