مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 191 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 191

١٩١ مضامین بشیر ابلیس والے مضمون کے متعلق ایک غلط فہمی کا ازالہ چند دن ہوئے میں نے ابلیس کے وجود کے متعلق ایک نوٹ الفضل میں شائع کرا کے سلسلہ کے علماء کو دعوت دی تھی کہ وہ اس کے متعلق روشنی ڈالیں۔میرے اس مضمون کے متعلق بعض دوستوں کو غلط فہمی پیدا ہورہی ہے اور وہ اس قسم کے سوالوں میں پڑ گئے ہیں کہ ابلیس کی نوع کیا تھی اور اس کے جن ہونے سے کیا مراد ہے اور اس کو کس غرض کے ماتحت مہلت دی گئی اور کتنی لمبی مہلت دی گئی اور اس کے گمراہ کرنے کا طریق کیا ہے وغیرہ وغیرہ۔میں دوستوں کی خدمت میں عرض کرنا چاہتا ہوں کہ اس قسم کے تمام سوالات خواہ وہ اپنی ذات میں کیسے ہی دلچسپ اور اہم ہوں ، میرے موجودہ مضمون کے لحاظ سے لاتعلق ہیں۔کیونکہ میرا موجودہ مضمون صرف اس مرکزی نقطہ سے تعلق رکھتا ہے کہ آیا ابلیس کو خدا تعالیٰ نے اس غرض و غایت کے ماتحت پیدا کیا تھا کہ وہ لوگوں کو گمراہ کر کے ان کے لئے ابتلاؤں کا سامان پیدا کرے یا کہ وہ بعد میں خود فسق اختیار کر کے مغوی بن گیا۔میں اُمید کرتا ہوں کہ دوست میری اس دعوت کے جواب میں اپنے آپ کو صرف اس مرکزی نقطہ تک محدود رکھیں گے، سوائے اس کے کہ کسی ضمنی پہلو پر روشنی ڈالنے کے لئے کسی دوسرے سوال میں جانا پڑے ورنہ خلط بحث سے اصل سوال تشنہ تحقیق رہ جائے گا۔( مطبوعه الفضل ۸ / اپریل ۱۹۴۸ء)