مضامین بشیر (جلد 2) — Page 188
مضامین بشیر ۱۸۸ ہمارے قیدی دوستوں کا تبادلہ جیسا کہ احباب کو علم ہو چکا ہو گا۔حکومت پاکستان اور حکومت ہندوستان کے درمیان مسلم اور غیر مسلم قیدیوں کے با ہم تبادلہ کا فیصلہ ہو گیا ہے اور اعلان کیا گیا ہے کہ یہ تبادلہ ۵ اپریل ۱۹۴۸ء سے عملاً شروع ہو جائے گا۔اور غالباً آہستہ آہستہ تین چار ہفتہ تک جاری رہے گا۔ہمارے بہت سے دوست اس وقت جالند ہر جیل میں ہیں۔جو مجوزہ تبادلہ کے پیش نظر گورداسپور سے جالند ہر پہنچائے گئے ہیں۔ان میں اخویم سید ولی اللہ شاہ صاحب اور مکرمی چوہدری فتح محمد صاحب سیال اور میجر چوہدری شریف احمد صاحب باجوہ اور کئی دوسرے دوست شامل ہیں۔اور بعض دوست لدھیانہ یا دوسرے جیل خانوں میں بھی محصور ہیں۔یہ سب دوست جماعت کو اپنی طرف سے سلام پہنچا کر دعا کی درخواست کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کا حافظ و ناصر ہو اور انہیں جلد تر خیریت کے ساتھ واپس لے آئے اور وہ واپسی کے بعد مزید توقف اور تکلیف کے بغیر رہائی پا جائیں۔ان کے ساتھ بعض نو مبائعین بھی ہیں۔جنہیں خدا تعالیٰ نے جیل کی چار دیواری میں بیعت کی توفیق عطا کی ہے اور بعض بیمار ہیں۔ان سب کے واسطے دوست دعا کر کے عنداللہ ماجور ہوں۔( مطبوعه الفضل ۳ را پریل ۱۹۴۸ء)