مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 453 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 453

۴۵۳ مضامین بشیر قادیان کا سالانہ جلسہ حکومت ہندوستان نے ایک سو ہندوستانی احمدیوں کو اجازت دیدی ہے۔جیسا کہ اعلان کیا جاچکا ہے قادیان کا سالانہ جلسہ انشاء اللہ ۲۶۔۲۷۔۲۸ /دسمبر ۱۹۴۸ء کو ہوگا۔قادیان کے دوستوں نے حکومت انڈین یونین سے درخواست کی تھی کہ وہ اس موقع پر انڈین یونین کے ایک سواحمد یوں کو بحفاظت قادیان پہنچانے اور پھر قادیان سے واپس دہلی تک لے جانے کا انتظام کرے۔سو آج اطلاع ملی ہے کہ حکومت انڈین یونین نے اس کی اجازت دے دی ہے اور ضروری انتظام کا وعدہ کیا ہے۔دراصل قانونی لحاظ سے تو اس میں اجازت کا سوال نہیں کیونکہ قادیان اور ہندوستان کے دوسرے علاقے ایک ہی حکومت کے ماتحت ہیں۔لیکن چونکہ مشرقی پنجاب کا رستہ مخدوش ہے اس لئے حفاظت کے خیال سے ہمارے قادیان کے دوستوں نے اس قسم کی درخواست دی تھی۔سو گو یہ اطلاع بہت تنگ وقت پر ملی ہے مگر بہر حال دہلی اور یوپی اور بہار اور مغربی بنگال اور حیدرآباد دکن وغیرہ کے دوستوں کو چاہئے کہ وہ اس انتظام سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی جماعت کے نمایندے مقرر کر کے جلسہ سالانہ قادیان کی شرکت کے لئے بھجوائیں۔جن کی مجموعی تعداد ایک سو مقرر کی گئی ہے۔انتظام یہ ہوگا کہ یہ سب دوست پہلے دہلی میں جمع ہونگے۔اور وہاں سے حکومت کی اسکورٹ کے ساتھ اکٹھے ہو کر قادیان جائیں گے۔دہلی میں جماعت کے مبلغ مولوی بشیر احمد صاحب مولوی فاضل دار التبلیغ انجمن احمدیہ کو چہ بلی ماراں کوٹھی نواب لوہارو دہلی کو اس بارہ میں سب ضروری تفاصیل کا علم ہے۔اور ان کے ساتھ بذریعہ تار یا خط وغیرہ پروگرام طے کر لینا چاہئے۔اللہ تعالیٰ سب دوستوں کے ساتھ ہو اور حافظ وناصر رہے اور انہیں قادیان کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا کرے۔امین۔( مطبوعه الفضل ۲۲ دسمبر ۱۹۴۸ء)