مضامین بشیر (جلد 1) — Page 606
مضامین بشیر ۶۰۶ عبادت ایسے رنگ میں کرے کہ صرف خدا ہی تجھے نہیں دیکھ رہا بلکہ تو خود بھی خدا کو دیکھ رہا ہے۔اور اگر ایسا نہیں تو کم از کم اس قدر احساس تو ہو کہ خدا تجھے دیکھ رہا ہے۔یہ بھی اسی حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ نیکی کو اعلیٰ صورت میں ادا کیا جائے کیونکہ بندہ کا خدا کو دیکھنا یا خدا کا بندہ کو دیکھنا دونوں نہ صرف نیکی کی روح کے لئے زبر دست محرک ہیں بلکہ اسے غیر معمولی جلا بھی دے دیتے ہیں۔تیسرا درجہ ایتائی ذی القربیٰ کا ہے۔جب ایک انسان نہ صرف فرائض میں کامل ہو جاتا ہے بلکہ نوافل کے ذریعہ زائد نیکیوں کی مدد سے روحانیت اور قرب الہی کی بلندیوں تک بھی جا پہنچتا ہے تو پھر اس کے لئے اللہ تعالیٰ یہ ارشاد فرماتا ہے کہ اے میرے بندے اب تو نے ظاہری اعمال میں تو کمال حاصل کر لیا۔مگر ابھی تک اس کی روح میں اصلاح کی ضرورت ہے۔اب آئندہ تم ایسا کرو کہ اپنے اعمال میں جزا وسزا کے خیال کو اپنے دل سے بالکل نکال دو۔بلکہ صرف میری محبت اور میری عبادت کے طبعی جذ بہ کے ماتحت نیکی کیا کرو۔بیشک اعمال کی جزاء دینا میرا کام ہے اور میں وہ آقا ہوں کہ میرے دربار میں عمل کا ایک ذرہ بھی ضائع نہیں جا سکتا بلکہ میں ہر عمل کا بہت بڑھ چڑھ کر بدلہ دیتا ہوں۔مگر مجھے اپنے خاص بندوں کے لیئے یہ بات پسند ہے کہ وہ جزاء کے خیال سے بالا ہو جا ئیں اور صرف میرے لئے اور میری محبت کی خاطر نیک اعمال بجالائیں۔یہ وہ عظیم الشان مرتبہ ہے جسے قرآن شریف نے ایتائی ذی القربیٰ کے نام سے یاد کیا ہے۔چنانچہ اس کی تشریح میں دوسری جگہ فرماتا ہے :- فَاذْكُرُوا اللهَ كَذِكُركُمُ ابَاءَ كُمُ أَوْ أَشَدَّ ذِكْرًا ۵۰ یعنی اے میرے بندو تم میری عبادت اور میرا ذکر ایسے رنگ میں کیا کرو۔جس طرح تم بچہ ہونے کی حالت میں اپنے والدین کا ذکر کرتے ہو۔بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یعنی تمہارے اعمال میں طبعی اور فطری رنگ پیدا ہو جائے اور جزاء کا محرک درمیان میں سے نکل جائے۔“ حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کی یوں تشریح فرمائی ہے کہ :- اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب میرا کوئی بندہ میرے رستہ سے بھٹک جاتا ہے اور پھر اسے کچھ عرصہ کے بعد دوبارہ میرے رستہ کی طرف ہدایت ملتی ہے۔تو اس پر میں اس طرح خوش ہوتا ہوں۔جس طرح ایک ماں کو اس کا کھویا ہوا بچہ مایوس ہو چکنے کے بعد واپس ملتا ہے“ اس لطیف مثال میں بھی یہی اشارہ کرنا مقصود ہے کہ جب خدا اپنی ارفع و اعلیٰ شان کے ساتھ اپنے ناچیز بندوں کے متعلق ماں باپ والے جذبات رکھتا ہے تو تمہیں بھی اس کے لئے کم از کم ایسے ہی