مضامین بشیر (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 345 of 694

مضامین بشیر (جلد 1) — Page 345

۳۴۵ ١٩٣٩ء مضامین بشیر وو مذہبی اصطلاحات کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت خاتم المناظرین کی غلط اصطلاح اس جلسہ سالانہ کے ایام میں میری نظر سے ایک اشتہار گز را۔جس میں ملک عبد الرحمن صاحب خادم بی اے۔ایل۔ایل۔بی گجرات کی تصنیف کردہ پاکٹ بک کے جدید ایڈیشن کا اعلان تھا۔یہ اشتہار ایک احمدی کتب فروش کی طرف سے تھا اور جیسا کہ مجھے بعد میں معلوم ہوا خادم صاحب کی اطلاع کے بغیر شائع کیا گیا تھا۔اس اشتہار میں کتب فروش صاحب نے خادم صاحب کے متعلق خاتم المناظرین کے الفاظ استعمال کئے تھے۔جس سے ان صاحب نے غالبا یہ مراد لی تھی کہ خادم صاحب سلسلہ کے بہترین مناظر ہیں۔مجھے اس وقت اس بحث میں جانے کی ضرورت نہیں کہ سلسلہ کا بہترین مناظر کون ہے لیکن اگر سلسلہ کے موجودہ مناظرین میں سے خادم صاحب کو ہی بہترین مناظر فرض کر لیا جائے تو پھر بھی کسی فردِ جماعت کے لئے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ سلسلہ کے مناظرین پر قاضی اور حاکم بن کر کسی شخص کے متعلق یہ اعلان کرتا پھرے کہ وہ سلسلہ کا بہترین مناظر ہے۔کیونکہ اول تو یہ فیصلہ بہت بھاری ذمہ داری کا کام ہے، جسے اٹھانا آسان بات نہیں۔علاوہ ازیں اس سے فتنوں کے پیدا ہونے کا بھی احتمال ہوتا ہے، جس سے بہر صورت پر ہیز لازم ہے۔پس اگر فرض کے طور پر خاتم المناظرین کے وہی معنی سمجھ لئے جائیں ، جو غالباً کتب فروش صاحب نے مراد لئے ہیں ، پھر بھی اس قسم کا اعلان سراسر نا مناسب اور نا واجب ہے اور اس میں سلسلہ کے ان علمائے کرام کی بھی ہتک ہے جو اس وقت سے کہ ابھی خادم صاحب غالباً پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ، سلسلہ کی قلمی اور لسانی خدمت میں مصروف چلے آئے ہیں اور میں یقین رکھتا ہوں کہ خود خادم صاحب کو بھی ہر گز ان معنوں میں بھی اس لفظ کے استعمال سے اتفاق نہیں ہو گا۔