مضامین بشیر (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 171 of 694

مضامین بشیر (جلد 1) — Page 171

121 ۱۹۳۴ء مضامین بشیر رمضان کی برکات سے فائدہ اٹھاؤ ابتداء رمضان میں میں نے اخبار کے ذریعہ احباب کو توجہ دلائی تھی کہ رمضان کے مبارک مہینہ کی برکات سے کس طرح فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور میں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک ارشاد کے ماتحت یہ بھی تحریک کی تھی کہ احباب رمضان میں اپنی کسی کمزوری کے ترک کرنے کا عہد باندھیں اور اس طرح اصلاح النفس کے لئے ایک عملی قدم اٹھا کر عنداللہ ماجور ہوں۔الحمد للہ کہ میری اس تحریک کے نتیجہ میں بعض احباب نے اس قسم کا عہد باندھا ہے اور مجھے اس سے اطلاع بھی دی ہے۔گو یہ تعداد زیادہ نہیں مگر ایک نیک تحریک کا جس حد تک بھی نتیجہ نکلے غنیمت ہے۔میں ایسے احباب کے اسماء خاص دعا کی تحریک کے لئے حضرت خلیفہ المسیح الثانی ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں اور جب رمضان کے آخری دن نماز عصر کے بعد دعا ہو گی۔اس میں بھی انشاء اللہ حضرت کی خدمت میں دوبارہ عرض کروں گا۔مگر میں اس اعلان کے ذریعہ دوسرے احباب سے بھی عرض کرنا چاہتا ہوں کہ ابھی وقت ہے وہ بھی اس تحریک سے فائدہ اٹھائیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔علاوہ ازیں آج سے رمضان کا آخری عشرہ شروع ہوتا ہے جو رمضان کا مبارک ترین حصہ سمجھا گیا ہے۔احباب کو چاہیئے کہ ان ایام میں خاص طور پر ذکر الہی اور نوافل اور دعاؤں پر زور دیں اور اپنی دعاؤں میں اسلام اور سلسلہ کی ترقی کو خصوصیت سے ملحوظ رکھیں اور ہر دعا کو تحمید اور درود سے شروع کریں کیونکہ ان کی قبولیت کا یہ ایک بہت مؤثر ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔مطبوع الفضل ۱۱ جنوری ۱۹۳۴ء)