مضامین بشیر (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 121 of 694

مضامین بشیر (جلد 1) — Page 121

۱۲۱ مضامین بشیر ایک قابل قدر خاتون کا انتقال اخوات واحباب کو الفضل کے ذریعہ یہ اطلاع مل چکی ہے کہ ۱۰ دسمبر کی صبح کو اہلیہ صاحبہ چوہدری فتح محمد صاحب سیال ایم۔اے فوت ہو کر اپنے مالک حقیقی کے پاس پہونچ گئیں۔مرحومہ جماعت کی خاص خواتین میں سے تھیں اور لجنہ اماءاللہ قادیان کے کام میں بہت دلچسپی لیتی تھیں۔انہیں احمدی مستورات کی اصلاح و ترقی کا خاص خیال رہتا تھا۔چنانچہ مرحومہ نے اپنے گھر میں درس تدریس کا سلسلہ جاری کر رکھا تھا اور بہت سی خواتین اور لڑکیوں نے ان سے فائدہ اٹھایا۔مرحومہ اپنی عادات واطوار میں نہایت سادہ اور ہر قسم کے تکلفات سے پاک تھیں اور دوسروں کو بھی یہی تلقین کرتی رہتی تھیں کہ انسان کو اس دنیا میں نہایت سادہ طور پر زندگی گزارنی چاہیئے۔شروع شروع میں جب مدرسہ خواتین جاری ہوا تو مرحومہ کے علمی شوق نے اُنھیں اس میں داخل ہونے کی ترغیب دی۔چنانچہ کچھ عرصہ تک وہ اس مدرسہ میں تعلیم پاتی رہیں لیکن بعد میں کچھ تو صحت کی خرابی کی وجہ سے اور کچھ خانگی ذمہ داریوں کی وجہ سے بہ سلسلہ جاری نہ رہ سکا اور مرحومہ نے اپنی جگہ اپنی لڑکی عزیزہ آمنہ بیگم کو مدرسہ میں داخل کرا دیا۔مرحومہ حضرت خلیفہ امسیح اول رضی اللہ عنہ کی نواسی تھیں اور حضرت خلیفہ اول کو ان کے ساتھ بہت محبت تھی۔حضرت خلیفہ اول نے اپنی خواہش سے چوہدری فتح محمد صاحب کے ساتھ ان کی شادی کرائی تھی۔امتہ الحفیظ بیگم جن کے مضامین اکثر الفضل میں نکلتے رہتے ہیں۔مرحومہ کی چھوٹی بہن ہیں۔مجھ سے بھی مرحومہ کو خاص تعلق تھا کیونکہ وہ میری رضاعی بہن تھیں۔میں سمجھتا ہوں مرحومہ کی بہت سی خوبیوں کی وجہ سے مرحومہ کی وفات جماعت کے لئے اور خصوصاً قادیان کی احمدی خواتین کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے اور میں نظارت تعلیم و تربیت کی طرف سے مرحومہ کے معزز اور قابل قدر شوہر برادرم چوہدری فتح محمد صاحب سیال ایم۔اے اور مرحومہ کے والد صاحب مفتی فضل الرحمن صاحب اور مرحومہ کے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوا دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے۔اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے۔اور مرحومہ کی اولادکو اس رستے پر چلنے کی توفیق عطا کرے جس کے متعلق مرحومہ کی دلی خواہش تھی کہ وہ اس پر چلیں جو صدق واخلاص کا رستہ ہے۔اللھم آمین ( مطبوعه الفضل ۲۰ دسمبر ۱۹۲۷ء )