مشعل راہ (جلد اوّل) — Page 258
258 دنیا میں ہر ایک چیز کا ایک ظاہر ہوتا ہے اور ایک باطن ہوتا ہے۔ظاہر اپنی جگہ پر ایک ضروری چیز ہے اور باطن اپنی جگہ پر ایک ضروری چیز ہے اور ان دونوں کی اہمیت ایسی ہی ہے جیسے انسان کے لئے جسم اور روح دونوں کا وجود نہایت اہم ہوتا ہے۔روح بغیر جسم کے خواہ وہ کتنا ہی لطیف کیوں نہ ہو کوئی کام نہیں کر سکتی اور جسم بغیر کسی روح کے کوئی اختیاری فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کسی قسم کا بھی فائدہ نہیں پہنچا سکتا کیونکہ جس قسم کے فوائد کسی جسم میں پائے جاتے ہیں وہی اس کی روح بھی کہلا ئیں گے۔مثلاً پاخانہ ایک فضلہ ہے جو پھینک دیا جاتا ہے مگر فضلہ میں بھی ایک روح موجود ہوتی ہے اور وہ روح زمین کی قوت پرورش کو بڑھانے کی طاقت ہے جو اس میں پائی جاتی ہے۔پس وہ خالی جسم نہیں بلکہ اس میں روح بھی ہے۔ہاں اگر کھا د بلحاظ کھاد کے مر چکی ہو یعنی وہ ایسے رنگ میں خراب ہو چکی ہو کہ وہ کھاد کا کام بھی نہ دے سکے تو وہ بے شک وہ جسم بے روح کہلائے گی۔ورنہ ہر روح جسم کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے یہاں تک کہ جب لوگ خواب دیکھتے ہیں تو اس وقت بھی صرف روح کوئی نظارہ نہیں دیکھتی بلکہ خواب میں اس روح کو ایک نیا جسم مل جاتا ہے اور روح اس جسم کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔مثلاً جب تم خواب میں دیکھتے ہو کہ تم لا ہو ر جار ہے ہو یا خواب میں دیکھتے ہو کہ تم ہوا میں اڑ رہے ہو یا خواب میں دیکھتے ہو کہ تم دریا میں تیر رہے ہو یا خواب میں دیکھتے ہو کہ تم کسی دور دراز کے سفر پر جا رہے ہو یا خواب میں دیکھتے ہو کہ تم کوئی چیز کھا رہے ہو۔تو اس وقت تمہارا جسم چار پائی پر ہی ہوتا ہے۔تم بے شک اپنے آپ کو دیکھتے ہو کہ تم دریا میں تیر رہے ہو لیکن تمہارا جسم اس وقت کسی دریا میں نہیں بلکہ چارپائی پر ہوتا ہے۔اسی طرح تم بے شک دیکھتے ہو کہ تم سفر پر جارہے ہو لیکن تمہارا جسم چار پائی پر ہی پڑا ہوا ہو تا ہے۔مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جب تم خواب میں اپنے آپ کو تیرتے دیکھتے ہو یا یہ دیکھتے ہو کہ تم کہیں سفر پر جا رہے ہو تو تم خالی روح نہیں دیکھتے بلکہ اپنے ساتھ اپنا ایک جسم بھی دیکھتے ہو اسی طرح جب تم اپنے آپ کو ہوا میں اڑتے دیکھتے ہو تو اس وقت خالی روح نہیں ہوتی بلکہ ایک جسم کو بھی اپنے ساتھ دیکھتے ہو۔اسی طرح خواب میں جب تم کوئی چیز کھاتے ہو یا کوئی چیز پیتے ہو یا کسی سے لڑتے ہوئے اپنے آپ کو دیکھتے ہو یا کسی سے صلح کرتے ہوئے اپنے آپ کو دیکھتے ہو یا کسی سے محبت کرتے ہوئے اپنے آپ کو دیکھتے ہو تو تم اپنا ایک جسم بھی محسوس کرتے ہو۔یہ نہیں ہو تاکہ صرف روح ہی ہو اور جسم اس کے ساتھ کوئی نہ ہو۔پس وہ جسم ایک علیحدہ چیز ہوتا ہے۔تمہارا ظاہری جسم نہیں ہو تا کیونکہ یہ جسم تو اس وقت چار پائی پر پڑا ہوا ہو تا ہے اور یہ بالکل ناممکن ہے کہ ایک ہی جسم ایک وقت میں چار پائی پر بھی ہو اور دریا میں بھی تیر رہا ہو یا چار پائی بھی ہو اور پہاڑ کی چوٹی پر بھی ہو یا چارپائی پر بھی ہو اور دور دراز کا سفر بھی کر رہا ہو یا چار پائی پر پڑا سو بھی رہا ہو اور کسی سے لڑ جھگڑ بھی رہا ہو یا ایک ہی وقت میں وہ تندرست بھی ہو اور بیمار بھی ہو۔غرض وہ ایک نیا جسم ہوتا ہے جو روح کو ملتا ہے کیونکہ روح بغیر جسم کے نہیں رہ سکتی۔اسی طرح مرنے کے بعد ہر شخص کو ایک نیا جسم ملے گا۔وہاں خالی روح نہیں ہوگی بلکہ ایک جسم بھی اس کے ساتھ ہو گا اور وہ جسم لطیف ہو گا جیسے خواب میں انسان کو ایک