مشعل راہ جلد سوم — Page 365
مشعل راه جلد سوم 365 ارشادات حضرت خلیفتہ المسیح الرابع رحم اللہ تعالی تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:- نئی نسلوں میں روزہ رکھنے کی عادت ڈالیں گزشتہ جمعے کے موقع پر میں نے جماعت کو یہ نصیحت کی تھی کہ روزہ رکھنے کی عادت نئی نسلوں کو خصوصیت کے ساتھ ڈالنی چاہیے کیونکہ عموماً میرا یہ تاثر ہے کہ ہماری نئی نسلوں میں خاص طور پر وہ جو یورپ اور امریکہ یا بعض دیگر ممالک میں پیدا ہو کر بڑی ہوتی ہیں ان میں روزے کا پورا احترام نہیں ہے اور اس کی پوری اہمیت ان پر واضح نہیں۔اس کا بہت حد تک ماں باپ کا بھی قصور ہے کہ رمضان شریف آکر گزر جاتا ہے اور وہ اپنے روزوں پر ہی اکتفا کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے روزوں کا حق ادا کر دیا حالانکہ جب تک اولاد کو صحیح معنوں میں دین کے فرائض سے آگاہ نہ کیا جائے اور ان کو روزے اختیار کرنے میں ان پر عمل کرنے میں ان کی مدد نہ کی جائے اس وقت تک والدین کا حق ادا نہیں ہوتا۔اس تحریک کے بعد خدا تعالیٰ کے فضل سے جو اطلاعیں مل رہی ہیں وہ بہت امید افزاء ہیں بہت خوشکن ہیں۔انگلستان ہی میں نہیں بلکہ بعض دوسرے ممالک میں بھی ذیلی تنظیموں نے مثلاً خدام الاحمدیہ نے ، انصار اللہ نے اور لجنہ وغیرہ نے اپنے اپنے رنگ میں فوری طور پر کوشش کی۔خدا کے فضل کے ساتھ اب تک جو اطلاعیں ملی ہیں۔( ابھی وقت پڑا ہے مزید بھی آئیں گی ) ان سے معلوم ہوتا ہے کہ اس پہلو سے ایک بیداری پیدا ہوئی ہے۔ایک احساس پیدا ہوا ہے اور جماعت نے ہر سطح پر منظم کوشش شروع کر دی ہے۔اس ضمن میں کچھ اور باتیں بھی بیان کرنی ضروری ہیں۔ان ممالک میں جہاں بچپن سے تربیت کا وہ ماحول میسر نہیں جو بڑے معاشرے کے نتیجہ میں میسر آجایا کرتا ہے۔مثلا ربوہ یا قادیان یا پاکستان کی دیگر جماعتیں جہاں جماعت کے افراد کی تعداد اتنی ہے کہ وہ اپنا ایک معاشرہ قائم کرسکیں ، ایک معاشرے کا ماحول