مشعل راہ جلد سوم — Page 274
274 ارشادات حضرت خلیفتہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالی مشعل راه جلد سوم بچانا ہے ہلاکت سے تو جرمن قوم کو ہلاکت سے بچائے بغیر یورپ نہیں بچ سکتا۔اس قوم کو اولیت حاصل ہے پہلے ان کی طرف توجہ دیں ان کو سنبھال لیں پھر یہ سارا کام خود کریں گے ( دین حق) کی خاطر پھر یہ صف اول کے خادم دین بن جائیں گے۔اور اگر آپ جرمن قوم کو سنبھال لیں تو میں یقین دلاتا ہوں کہ یورپ کی تقدیر بھی بدل جائے گی اور اگر یورپ ( مومن) ہو جائے تو ساری دنیا کے لئے (مومن ) ہوئے بغیر چارہ نہیں رہے گا۔ایسی صورت میں میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ مغرب سے ( دین حق ) کا سورج طلوع ہوگا اور ضرور مغرب سے ( دین حق ) کا سورج طلوع ہو گا۔اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ پیشگوئی حرف بہ حرف سچی نکلے گی۔پس اے ( دین حق ) کے مغرب سے سورج طلوع ہونے کی تمنا رکھنے والو! تمہاری محنتوں سے تمہاری کوششوں سے تمہاری توجہ سے اور تمہاری قربانیوں سے یہ مغرب میں ڈوبتا ہوا سورج دوبارہ ابھر آئے گا اور سارے عالم کو روشن کر دے گا۔پس یہی پیغام تھا جو میں نے آپ کو دینا تھا۔میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا کہ اللہ تعالیٰ سنجیدگی سے آپ کو ان باتوں کو قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ایک نعرہ ہائے تکبیر تو وہ ہیں جو آپ زبان سے بلند کرتے ہیں ایک نعرہ ہائے تکبیر وہ ہیں جو دل کی گہرائیوں میں ادا ہوتے ہیں اور آسمان تک پہنچنے والے وہی نعرہ ہائے تکبیر ہیں جو دل کی گہرائیوں میں اور اس کے گوشوں میں سنے جاتے ہیں۔خدا پاتال تک کی نظر رکھتا ہے اور پاتال تک پہنچتا ہے اور خدا کے نزدیک وہی سب سے زیادہ مقبول تکبیر کا نعرہ ہے جو دل کی گہرائیوں میں ادا ہو کیونکہ اس سے ساری زندگی پر اثر پڑتا ہے اس سے ساری زندگی کے ہر عمل پر خدا غالب آ جاتا ہے اور حقیقتاً خدا بڑا ہو جاتا ہے۔یعنی جہاں تک آپ کی ذات کا تعلق ہے آپ ایک بڑے خدا سے روشناس ہونے لگتے ہیں۔پس خدا کرے کہ ایسا ہو اور خدا کرے کہ جلد تر احمدیت مغربی جرمنی میں پھر مشرقی جرمنی میں اور پھر یورپ اور پھر مشرق اور مغرب میں ہر طرف غالب آتی چلی جائے اور ہم جلد تر وہ فتح کا دن دیکھ لیں جس کا قرآن کریم میں وعدہ دیا گیا ہے۔اب خدام کھڑے ہو کر عہد دہرائیں گے اس کے بعد ہم دعا کریں گے اس کے بعد اللہ کی حفاظت میں ہم آپ سے رخصت ہوں گے۔