مشعل راہ جلد سوم

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 246 of 751

مشعل راہ جلد سوم — Page 246

مشعل راه جلد سوم 246 ارشادات حضرت خلیفتہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالی ساتھ اپنے اس مقصد کی طرف بڑھ رہے ہوں گے جس کی خاطر ہمیں پیدا کیا گیا ہے،انشاء اللہ تعالیٰ۔اور جب ہم مقصد کی طرف بڑھ جائیں اور جب ہم مقصد کو حاصل کر رہے ہوں تو پھر فتح ایک ثانوی چیز بن جاتی ہے۔عددی اکثریت کے نصرت اور ظفر کے جو خواب آپ اب دیکھ رہے ہیں اس سے بڑھ کر یہ خواب آپ کے حق میں آپ کی ذاتوں میں پورے ہو چکے ہوں گے۔پھر یہ خدا کا کام ہوگا کہ آپ کی حفاظت فرمائے پھر یہ خدا کا کام ہوگا کہ اُس دن کو قریب تر لائے جو ظاہری فتح کا دن بھی ہوا کرتا ہے۔جنگِ بدر کے دن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی تو واسطہ دیا تھا اپنے رب کو کہ اے خدا یہ تھوڑی سی جماعت میں نے تیار کی تیری عبادت کرنے والوں کی، یہ میری ساری محنتوں کا پھل ہے اور تو کہتا ہے کہ کائنات کا پھل ہے، اگر آج یہ لوگ مارے گئے تو پھر تیری عبادت کرنے والا دنیا میں کبھی کوئی پیدا نہیں ہوگا۔اس قسم کے عبادت کرنے والے آپ بن جائیں تو اللہ کے پاک رسول کی دعائیں آپ کو بھی پہنچ رہی ہوں گی وہ خدا! کا رسول اس لحاظ سے آج بھی زندہ ہے آج بھی وہ دعا آپ کے حق میں خدا کو یہ واسطہ دے گی کہ اے خدا اگر یہ تیرے عبادت گزار بندے ہلاک ہوگئے یا نا کام مرگئے تو پھر کبھی دنیا میں تیری عبادت نہیں کی جائے گی۔پھر کیسے ممکن ہے کہ آپ کو وہ فتح اور ظفر نصیب نہ ہو۔(ضمیمہ ماہنامہ "خالد" و ”انصار اللہ دسمبر 1986ء)