ملفوظات (جلد 9) — Page 84
۳۰؍جنوری ۱۹۰۷ء (بوقت ظہر) آج ظہر کی نماز میں حضرت اقدس تشریف لائے۔آپ کی طبیعت قدرے علیل معلوم ہوتی تھی۔اس وقت کوئی تذکرہ نہیں ہوا۔نماز باجماعت ادا فرما کر اندر تشریف لے گئے۔عصر کی نماز میں آپ اذان ہونے کے بعد جلدی تشریف لے آئے۔فرمایا۔مولوی صاحب کو بُلاؤ۔نماز ادا کی جاوے۔فرمایا۔درد گردہ ہو رہا ہے۔سرد ہوا تیز چلتی ہے تو درد شروع ہوجاتا ہے۔پھر آپ بیٹھ گئے۔مولوی محمد علی صاحب و مفتی محمد صادق صاحب بھی آگئے۔ان کی طرف متوجہ ہو کر فرمایا۔سِول۱ میں کوئی نئی خبر آپ نے پڑھی ہے؟ مولوی صاحب نے عرض کی کہ یورپ کی تار خبروں سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض جگہ سخت سردی پڑ رہی ہے حتی کہ انجنوں میں بھی پانی جم جاتا ہے۔آپ نے پوچھا کہ کیا غیر معمولی سردی لکھا ہے یا کہ معمولی؟ مولوی صاحب نے عرض کی کہ غیر معمولی سردی کی تار خبریں درج ہیں۔اتنے میں مولوی محمد احسن صاحب بھی آگئے۔انہوں نے عرض کی کہ حضور کا الہام ہے۔پھر بہار آئی تو آئے ثلج کے آنے کے دن ثلج برف کے معنے ہیں اور یہ غیر معمولی سردی اس پیشگوئی کو پورا کر رہی ہے۔اتنے میں حضرت حکیم الامت تشریف لے آئے۔نماز کی جماعت کھڑی ہوگئی۔آپ نماز باجماعت ادا فرما کر اندر تشریف لے گئے۔۲ The Civil & Military Gazette ۲ الحکم جلد ۱۱ نمبر۵ مورخہ ۱۰؍فروری ۱۹۰۷ء صفحہ ۴