ملفوظات (جلد 8)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 186 of 389

ملفوظات (جلد 8) — Page 186

کرنا چاہیے تھا۔جس حالت میں عقلمند انسان کسی کے دھوکہ میں نہیں آسکتا تو اللہ تعالیٰ کیونکر کسی کے دھوکہ میں آسکتا ہے۔مگر ایسے افعال بد کی جڑ دنیا کی محبت ہے اور سب سے بڑا گناہ جس نے اس وقت مسلمانوںکو تباہ حال کر رکھا ہے اور جس میں وہ مبتلا ہیں وہ یہی دنیا کی محبت ہے۔سوتے جاگتے، اٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے ہر وقت لوگ اسی غم و ھمّ میں پھنسے ہوئے ہیں۔اور اس وقت کا لحاظ اور خیال بھی نہیں کہ جب قبر میں رکھے جاویں گے۔ایسے لوگ اگر اللہ تعالیٰ سے ڈرتے اور دین کےلیے ذرا بھی ھمّ و غم رکھتے تو بہت کچھ فائدہ اٹھا لیتے۔سعدی کہتا ہے۔ع گر وزیر از خدا ترسیدے خدا کی عظمت کو دل میں جگہ دو ملازم لوگ تھوڑی سی نوکری کے لیے اپنے کام میں کیسے چست و چالاک ہوتے ہیں لیکن جب نماز کا وقت آتا ہے تو ذرا ٹھنڈا پانی دیکھ کر ہی رہ جاتے ہیں۔ایسی باتیں کیوں پیداہوتی ہیں؟ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کی عظمت دل میں نہیں ہوتی۔اگر خدا تعالیٰ کی کچھ بھی عظمت ہو اور مرنے کا خیال اوریقین ہو تو ساری سستی اور غفلت جاتی رہے۔اس لیے خدا تعالیٰ کی عظمت کو دل میں رکھنا چاہیے اور اس سے ہمیشہ ڈرنا چاہیے۔اس کی گرفت خطرناک ہوتی ہے۔وہ چشم پوشی کرتا ہے اور در گذر فرماتا ہے لیکن جب کسی کو پکڑتا ہے تو پھر بہت سخت پکڑتا ہے یہاں تک کہ لَا يَخَافُ عُقْبٰهَا(الشّمس:۱۶) پھر وہ اس امر کی بھی پروا نہیں کرتا کہ اس کے پچھلوں کا کیا حال ہوگا۔برخلاف اس کے جو لوگ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے اور اس کی عظمت کو دل میں جگہ دیتےہیں خدا تعالیٰ ان کو عزت دیتا اور خود ان کےلیے ایک سِپَر ہوجاتا ہے۔حدیث میں آیا ہے مَنْ کَانَ لِلہِ کَانَ اللہُ لَہٗ یعنی جو شخص اللہ تعالیٰ کےلیے ہو جاوے اللہ تعالیٰ اس کا ہو جاتا ہے۔مگر افسوس یہ ہے کہ جو لوگ اس طرف توجہ بھی کرتے ہیں اور خدا تعالیٰ کی طرف آنا چاہتے ہیں ان میں سے اکثر یہی چاہتے ہیں کہ ہتھیلی پر سرسوں جما دی جاوے۔وہ نہیں جانتے کہ دین کے کاموں میں کس قدر صبر اور حوصلہ کی حاجت ہے اور تعجب تو یہ ہے کہ وہ دنیا جس کے لیے وہ رات دن مرتے اور ٹکریں مارتے ہیں اس کے کاموں کے لیے تو