ملفوظات (جلد 7)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 5 of 430

ملفوظات (جلد 7) — Page 5

جاپان کا بدھ مذہب ہے اور اس کے رو سے ایک چیونٹی کا مارنا بھی گناہ ہے۔روس عیسائی۱ ہے اور ان کو چاہیے کہ مسیح کی تعلیم کے بموجب اگر جاپان ایک مقام پر قبضہ کرے تو دوسرا مقام خود اس کے حوالہ کر دیں۔چند عیسائیوں سے گفتگو آج تین عیسائی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زیارت کے لیے تشریف لائے۔ایک تو جوان تھے جو کہ ایک صاحب کے بچے تھے اور باقی میں سے ایک صاحب ڈاکٹر تھے جو کہ ضعیف العمر تھے اور ایک قاضی صاحب پشاوری جوان مرد تھے۔ایک صاحب ان میں سے وہ تھے جنہوں نے تحقیق مذاہب کی بِنا پر نیاز مندانہ طور پر حضرت اقدس سے کسی زمانہ میں خط و کتابت کی تھی جس کی وجہ سے ان کو کمال شوق حضور علیہ السلام کی زیارت کا تھا۔خانقاہوں میں سے ایک مشہور خانقاہ ہے جہاں اکثر لوگ مشرکانہ عقائد کی بِنا پر زیارت وغیرہ کے لیے جاتے ہیں۔وہاں کی نسبت ایک عیسائی صاحب نے ذکر کیا کہ جالندھر کے ضلع کے لوگوں کے لیے وہ یہ کیا کرتے ہیں کہ ایک سفید کبوتر کی ٹانگیں کمزور کر کے قبر پر بٹھا دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ صاحبِ مزار کی روح اس میں حلول کر آئی ہے۔اس پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ ’’یہ کبوتر پیچھا نہیں چھوڑتا۔‘‘ اس کے بعد حضرت اقدس اور عیسائی صاحبوں میں ذیل کی گفتگو ہوئی جس میں اکثر روئے سخن ڈاکٹر صاحب کی طرف ہی تھا۔حضرت اقدس۔ادھر آپ کا آنا کس تقریب پر ہوا۔ڈاکٹر صاحب۔صرف زیارت کی غرض سے کیونکہ ایک عرصہ سے شوق تھا۔حضرت اقدس۔مگر تاہم ایسی کونسی تقریب ہوئی کہ آپ ادھر آگئے۔ڈاکٹر صاحب۔میں نے رخصت لی تھی اور بال بچوں کو لے کر آیا تھا۔وہ لاہور میں ہیں اور خود ادھر آیا ہوں۔بڑا باعث رخصت کا آپ کی ملاقات ہی تھی۔۱اس وقت روس کا مذہب عیسائی تھا۔(مرتّب)