ملفوظات (جلد 6) — Page 161
یہ نشان ہمارا کم ہے کہ ہم کو مفتری کہاجاتا ہے لیکن پچیس سال سے بھی زیادہ سے یہ سلسلہ چلا آتا ہے اور دن بہ دن اس کی ترقی ہو رہی ہے اور ہم غرق نہیں ہو گئے۔دانشمند اگر خدا ترس دل لے کر سوچے تو اس کے لیے یہ بھی کوئی چھوٹا سا نشان نہیں ہے۔یہ جو کہہ دیتے ہیں کہ بہت سے مفتری بچ گئے ہیں یہ محض افترا ہے۔اللہ تعالیٰ کے کلام میں خلاف نہیں ہوسکتا۔کبھی کوئی مفتری مہلت نہیں پا سکتا ورنہ پھر خدا تعالیٰ کے راست بازوں اور مفتریوں میں فرق کرنا مشکل ہو جائے گا۔خدا تعالیٰ کی سلطنت میں اندھیر نہیں ہے۔اس دنیا کی سلطنت میں اگر کوئی شخص مصنوعی چپڑاسی بھی بن جاوے تو فی الفور پکڑا جاتا اور اسے عبرتناک سزا دی جاتی ہے تو یہ کیوںکر ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ کی حکومت میں ایسا اندھیر ہو کہ کوئی شخص خدا کا مامور ہونے کا مدّعی ہو اور جھوٹے الہام خود ہی بناکر خلق اللہ کو گمراہ کرے اور اللہ تعالیٰ اس کی پروانہ کرے بلکہ اس کی تائید میں نشان بھی ظاہر کر دے اور اس کی پیشگوئیوں کو بھی پورا کرکے دکھا وے۔کیایہ حیرت انگیزاور تعجب کی جگہ نہیں،ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا۔خدا تعالیٰ کبھی کسی مفتری کو مہلت نہیں دیتا۔پس اس اصول پر ہمارا اب تک قائم رہنا اور اس سلسلہ کا نشوونما پانا اور دن بدن ترقی کرنا بھی چھوٹی سی بات نہیں ہے۔اگر کوئی خدا تر سی سے اس پر غور کرے تو اس کے لیے یہ کم نشان نہیں ہے مگر جس شخص کو ہزاروں دوسرے نشان فائدہ نہیں پہنچا سکے اور ان سے اُس نے کوئی سبق نہیں سیکھا آئندہ اس سے کیااُمید ہوسکتی ہے؟ عیسائیت کا مستقبل فرمایا۔عیسائی مذہب کے ساتھ ہمارا مقابلہ ہے۔عیسائی مذہب اپنی جگہ آدم زاد کی خدائی منوانی چاہتا ہے اور ہمارے نزدیک وہ اصل اور حقیقی خدا سے دور پڑے ہوئے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ان عقائد کی (جو حقیقی خدا پرستی سے دور پھینک کر مُردہ پرستی کی طرف لے جاتے ہیں ) کافی تردید ہو اور دنیا آگاہ ہوجاوے کہ وہ مذہب جو انسان کو خدا بناتا ہے خدا کی طرف سے نہیں ہوسکتا اور بظاہر اسباب عیسائی مذہب کی اشاعت اور ترقی کے جو اسباب ہیں وہ اسباب پرست انسان کو کبھی یقین نہیں دلاتے کہ اس مذہب کا استیصال ہو جاوے گا لیکن ہم اپنے خدا پر یقین رکھتے ہیں کہ اس نے ہم کو اس کی اصلاح کے لیے بھیجا ہے اور یہ