ملفوظات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 90 of 594

ملفوظات (جلد 3) — Page 90

آگ ہرگز ہرگز آپ کو جلا نہیں سکتی تھی۔اگر کوئی محض اس بنا پر کہ آگ اپنی تاثیر نہیں چھوڑتی انکار کرے تو وہ خبیث اور کافر ہے کیونکہ خدا تعالیٰ نے جب ان سب دشمنوں کو مخاطب کر کے یہ کہہ دیا فَكِيْدُوْنِيْ جَمِيْعًا(ھود : ۵۶) تم سب مکر کر کے دیکھ لو میں اس کو ضرور بچا لوں گا۔پھر اگر کوئی یہ وہم بھی کرے کہ آگ میں ڈالتے تو معاذاﷲ جل جاتے یہ کفر ہے۔قرآن شریف سچا ہے اور خدا تعالیٰ کے وعدے سچے ہیں وہ کوئی بھی حیلہ اور فریب آپ کی جان لینے کے لیے کرتے اللہ تعالیٰ ضرور اُن کے گزند سے محفوظ رکھتا جیسا کہ محفوظ رکھ کر دکھا دیا۔خواہ وہ صلیب کامکر کرتے خواہ آگ میں ڈالنے کا۔غرض کوئی بھی کرتے آخر محمد رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے وعدے کے موافق صادق ثابت ہوتے جیسا کہ ہوئے۔جس طرف ہم اپنی جماعت کو کھینچنا چاہتے ہیں وہ یہی عظیم الشّان مرحلہ خدا شناسی کا ہے اور ہم یقین رکھتے ہیںکہ انشاء اﷲ تعالیٰ آہستہ آہستہ سب کچھ ہو جاوے گا۔تبلیغ کا جوش ہمارے اختیار میں ہو تو ہم فقیروں کی طرح گھربگھر پھر کر خدا تعالیٰ کے سچے دین کی اشاعت کریں اور اس ہلاک کرنے والے شرک اور کفر سے جو دنیا میں پھیلا ہوا ہے لوگوں کوبچالیں۔اگر خدا تعالیٰ ہمیں انگریزی زبان سکھا دے تو ہم خود پھر کر اور دورہ کر کے تبلیغ کریں اور اسی تبلیغ میں زندگی ختم کر دیں خواہ مارے ہی جاویں۔مسیح کی قبر کی اشاعت یورپ میں یورپ اور دوسرے ملکوں میں ہم ایک اشتہار شائع کرنا چاہتے ہیں جو بہت ہی مختصر ایک چھوٹے سے صفحے کا ہو تاکہ سب اُسے پڑھ لیں۔اس کامضمون اتنا ہی ہو کہ مسیح کی قبر سرینگر کشمیر میں ہے جو واقعاتِ صحیحہ کی بِنا پر ثابت ہو گئی ہے۔اس کے متعلق مزید حالات اور واقفیت اگر کوئی معلوم کرنا چاہے تو ہم سے کرلے۔اس قسم کا اشتہار ہوجو بہت کثرت سے چھپوا کر شائع کیا جاوے۔مضرِصحت چیزیں مضرِایمان ہیں حدیث میں آیا ہے مِنْ حُسْنِ اِسْلَامِ الْمَرْءِ تَرْکُہٗ مَالَا یَعْنِیْہِ یعنی اسلام کا حُسن یہ بھی ہے کہ جو چیز ضروری نہ ہو وہ چھوڑ دی جاوے۔