ملفوظات (جلد 3) — Page 92
کی ران پر ہاتھ مار کر کہتے کہ اے عائشہ ہم کو راحت پہنچا۔آنحضرت کے لیے تو سارا جہان دشمن تھا۔پھر اگر اُن کے لیے کوئی راحت کا سامان نہ ہو تو یہ خدا کی شان کے ہی خلاف ہے۔یہ خدا تعالیٰ کی حکمت ہوتی ہے کہ جیسے کا فور کے ساتھ دو چار مرچیں رکھی جاتی ہیں کہ اُڑ نہ جاوے۔اسلام کا آئندہ غلبہ اﷲ تعالیٰ جو کچھ کرتا ہے وہ تعلیم اور تربیت کے لیے کرتا ہے چونکہ شوکت کا زمانہ دیر تک رہتا ہے اور اسلام کی قوت اور شوکت صدیوں تک رہی اور اُس کے فتوحات دور دراز تک پہنچے۔اس لیے بعض احمقوں نے سمجھ لیا کہ اسلام جبر سے پھیلایا گیا۔حالانکہ اسلام کی تعلیم ہےلَاۤ اِكْرَاهَ فِي الدِّيْنِ (البقرۃ : ۲۵۷) اس اَمر کی صداقت کو ظاہر کرنے کے لیے اسلام جبر سے نہیں پھیلا اﷲ تعالیٰ نے خاتم الخلفاء کو پیدا کیا اور اس کا کام یَضَعُ الْـحَرْبَ رکھ کر دوسری طرف لِيُظْهِرَهٗ عَلَى الدِّيْنِ كُلِّهٖ(الصّف : ۱۰) قرار دیا۔یعنی وہ اسلام کا غلبہ مِلَلِ ہالکہ پر حجّت اور براہین سے قائم کرے گا اور جنگ و جدال کو اُٹھا دے گا وہ لوگ سخت غلطی کرتے ہیں جو کسی خونی مہدی اور خونی مسیح کا انتظار کرتے ہیں۔اسلام کا عظیم الشان اعجاز اسلام کا سب سے بڑا اور عظیم الشان معجزہ جس کی نظیر کہیں نہیں مل سکتی وہ اس کی حقانیت اور روشنی ہے وہ کسی پہلو سے شرمندہ نہیں ہوتا۔تمام حقائق اور صداقتیں اسلام میں موجود ہیں۔ہر ایک پہلو سے کامل۔سب کے حملوں کا جواب دیتا ہے اور دوسروں پر ایسا حملہ کرتا ہے کہ اس کا جواب نہیں ہو سکتا۔درازیٔ عمر کا راز ہر ایک شخص چاہتا ہے کہ اس کی عمر دراز ہو لیکن بہت ہی کم ہیں وہ لوگ جنہوں نے کبھی اس اصول اور طریق پر غور کی ہو جس سے انسان کی عمر دراز ہو۔قرآن شریف نے ایک اصول بتایا ہے وَ اَمَّا مَا يَنْفَعُ النَّاسَ فَيَمْكُثُ فِي الْاَرْضِ(الرّعد : ۱۸) یعنی جو نفع رساں وجود ہوتے ہیں اُن کی عمر دراز ہوتی ہے۔اﷲ تعالیٰ نے ان لوگوں کو درازیٔ عمر کا وعدہ فرمایا ہے جو دوسرے لوگوں کے لیے مفید ہیں۔حالانکہ شریعت کے دو پہلو ہیں۔اوّل خدا تعالیٰ کی عبادت۔دوسرے بنی نوع سے ہمدردی۔لیکن یہاں یہ پہلو اس لیے اختیار کیا ہے کہ کامل عابد وہی ہوتا ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے۔پہلے پہلو میں اوّل مرتبہ خدا تعالیٰ کی محبت اور توحید کا ہے۔