ملفوظات (جلد 10)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 210 of 470

ملفوظات (جلد 10) — Page 210

پیروی کرے گا۔کیا اسی کا نام ہے کہ انگریز علم دوست ہوتے ہیں؟ سائل نے کہا کہ ہروقت ان کے ہاتھ میں کتاب یا اخبار موجود رہتی ہے۔فرمایا۔جو شخص علوم حقیقی اورالٰہیات سے بے نصیب محض ہو اس کو علم دوست نہیں کہا جاسکتا۔ایمان کا امتحان طلباء کے امتحان کا ذکر ہونے پر فرمایا۔عِنْدَ الْاِمْتِحَانِ یُکْرَمُ الْمَرْءُ اَوْیُـھَانُ فرمایا۔اصل میں لڑکے بھی معذور ہیں۔امتحان کے مشکلات بہت سخت ہوتے ہیں۔جب دنیوی امتحانوں کا یہ حال ہے توپھر دینی امتحان کا کیا حال ہے؟ انسان دنیوی امتحان کے واسطے کیا کیا تیاریاں کرتا ہے اورکس قدر فکر اور غم اس کو ہوتا ہے اورکیسی کیسی شاقہ محنت برداشت کرتا ہے؟ بےفکری ہے تو کس سے ؟دینی امتحان سے۔نہیں محنت کی جاتی تو کس کے واسطے؟ دین کے امتحان کے واسطے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اَحَسِبَ النَّاسُ اَنْ يُّتْرَكُوْۤا اَنْ يَّقُوْلُوْۤا اٰمَنَّا وَ هُمْ لَا يُفْتَنُوْنَ (العنکبوت :۳) اللہ تعالیٰ بھی ایک امتحان کی طرف متوجہ کرتا ہے۔اس کا بھی کچھ فکر کرنا چاہیے اوراس امتحان کے واسطے بھی کچھ تیاری کرنی ازبس لازمی ہے۔دیکھو! ہر صدی کے سرے پر جو ایک مجدّد آتا ہے وہ بھی اللہ تعالیٰ کا ایک امتحان ہی ہوتا ہے۔اب اس وقت بھی مسلمانوں کا ایک امتحان ہورہا ہے۔خدا نے ایک مامور بھیجا ہے اوراس کے ساتھ ہزاروں زمینی اور آسمانی نشانات اورتائیدات کرکے روشن نشانوں سے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہے اب بھی لوگوں کے ایمان کا امتحان ہے۔اب بھی یُکْرَمُ الْمَرْءُ اَوْیُـھَانُ کا نظارہ موجود ہے۔پس مبارک وہ جوخدائی امتحان کی فکر رکھتے ہیں اورپھر مبارک وہ جو خدائی امتحان میں پاس ہوتے ہیں۔خدا کا کلام ٹکڑے ٹکڑے نازل ہوتا ہے پھر اسی شخص نے سوال کیا کہ یہ جو بڑی بڑی سورتیں قرآن شریف میں موجود ہیں کیا یہ یکبارگی نازل ہوگئی تھیں ؟ فرمایا کہ خدا تعالیٰ کا کلام ہمیشہ ٹکڑے ٹکڑے نازل ہوتا ہے اور پھر پورا حصہ بن جاتا ہے۔