مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 411 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 411

سے مانوس ہوا۔میری تویہ حالت ہے کہ میں حضرت احدیت میں آپ کے لئے سراپا دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ پر ہر نوع سے رجوع برحمت فرمائے۔مجھے آپ کے اوصاف جمیلہ اور پرُوقار دانش سنجیدہ نے بہت مسرور کیا ہے اور خوب واقف ہوں کہ آپ کو آزادی کے خمیر سے پیدا کیا گیا ہے اور فطرتی اخلاق سے نوازا گیا ہے اور اگر خدائے رحمان کو منظور ہوا تو میںدلی محبت سے آپ کی ملاقات کا مشتاق ہوں اور میں نے آپ کی شرافت کی بعض خصوصیات اور وجاہت کے آثارونشانات اپنے مخلص دوست حکیم مولوی نور الدین سے سنے ہیں۔اب آپ کے خط نے حق الیقین تک پہنچا دیا ہے اور خبر کا لمشاہدہ ہو گئی ہے اور گمان ثبوت کا روپ دھار گیا ہے۔پس میں اللہ تعالیٰ سبحانہٗ سے دعا کرتا ہوں کہ آپ کی بزرگی اور اس کا محل قائم رہے اور تجھ پر اللہ تعالیٰ کی رحمت و غفران سایہ فگن رہیں اور میں لوگوں کو کہتا رہا ہوں کہ آپ کبھی بھی روگردانی اور انکار کا اظہار نہیں کریں گے۔پس مجھے خوشی ہے کہ میرا کلمہ پورا ہوا اور میری فراست خطا نہیں ہوئی اور آپ کے اخلاق نے مجھے ترغیب و شوق دلایا کہ میں آپ کے دیدار سے فیضیاب اور آپ کی ملاقات سے پرُ مسرت ہوں۔پس میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے مکتوبات کے ذریعہ میرے لئے خوشی کا سامان کرتے رہیں گے یہانتک کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملاقات کا وقت میسر آجائے اور اب میں آپ کو اپنے اس مکتوب کے ساتھ اپنی کتاب کا ضمیمہ ارسال کر رہا ہوں جس طرح میں نے اپنے دیگر احباب کو بھی یہ ضمیمہ ارسال کیا ہے اور اس میں آپ کا ذکرِ خیر اور آپ کے خط کا تذکرہ کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ اسے ضرور پڑھیں گے خواہ آپ کے بعض اہم امور میں حرج واقع ہو اور آپ پر اور آپ کے اعزّہ اور رفقاء پر سلامتی ہو۔فقط از قادیان