مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 369 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 369

نہیں کی۔میں نے یہ بھی کہا کہ اگر میری کسی تالیف میں کچھ ایسا کلمہ ہے جو آپ لوگوں نے عقیدہ حقّہ اسلام کے مخالف سمجھ لیا ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے میری تالیف کا منشاء وہی ہے جو میں اپنے اشتہارات کے ذریعہ سے شائع کرچکا ہوں اوراگر کوئی آدمیت اوراہلیت سے میری کتاب کے مواضع معترض علیہا میرے سامنے پیش کرے تو میں چند منٹ میں اس کو مطمئن کرسکتاہوں میری تالیفات میں کوئی امر مخالف اسلام نہیں بلکہ ہرایک جگہ اصل عقیدہ اسلام کو مسلم رکھ کر نکات کشفیہ اورمعارف روحانیہ کا بیان ہے لیکن افسوس کہ یہ علماء میرے یہ تمام بیانات سن کر صرف یہی ایک جواب دیتے ہیں کہ تمہارے دل میں تو کفر ہے اورزبان پر ایمان گویا انہوں نے دل کو چیر کردیکھ لیا ہے۔بعض یہ آیت پڑھ کر سناتے ہیں ِ  ۱؎ اور نہیں جانتے کہ یہ تو منجانب اللہ بذریعہ وحی رسول کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کو بعض پنہانی کفار کی خبردی گئی تھی مگر ان مولویوں پر تو کوئی وحی نازل نہیں ہوئی ان کو تو یہ آیت یاد رکھنی چاہئے جس میں  ۲؎ ہے۔غرض ان امور کی بخوبی اطلاع دینے کے لئے اورنیز بعض خاص مسائل متعلقہ اپنے پر مطلع کرنے کے لئے آنمکرم کو تکلیف دیتا ہوں کیونکہ میں دلی یقین سے خیال کرتا ہوں کہ جن امور کو آں مکرم بانشراح صدر سمجھ لیں گے اُن کا دوسروں کے دلوں پرڈالنے کے لئے پوری پوری کوشش عمل میں لائیں گے۔سوآپ خالصًا لِلّٰہ یہ سفر چند روز کے لئے اختیار فرماویں۔ ۳؎۔٭ ۲۱؍نومبر ۱۸۹۱ء از قادیان ۱؎ البقرۃ : ۹ ۲؎ النساء : ۹۵ ۳؎ التوبۃ : ۱۲۰ ٭ الحکم نمبر۳ جلد۸ مورخہ ۲۴؍جنوری ۱۹۰۴ء صفحہ ۵