مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 24 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 24

مکتوب بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ عزیزی اخویم مرزا محمود بیگ صاحب سلّمہ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آج کی ڈاک میں آپ کا خط مجھ کو ملا اور اوّل سے آخر تک پڑھا گیا۔درحقیقت لڑکیوں کے معاملات میں بڑی مشکلات پیش آتی ہیں۔اور اگر لڑکا لائق اور نیک چلن اور خوش قسمت نہ ہو تو لڑکی کے لئے مصیبت کے ایام پیش آ جاتے ہیں۔ایک کم حیثیت کے آدمی سے جو کمپونڈر ہونے کی لیاقت رکھتا تھا ناطہ ہونا لڑکی سے بڑی سختی ہے۔تنگی رزق میں تمام عمر دوزخ کی طرح گزرتی ہے۔یہ بہتر ہو گا کہ کوئی لائق لڑکا تلاش کیاجائے۔میں بھی اس فکر میں ہوں کہ اپنی اولاد کا کسی جگہ ناطہ کروں مگر میرے لڑکے بہت چھوٹے ہیں۔ایک کا اب گیارھواں برس شروع ہوا ہے۔دوسرے کا ساتواں جاتا ہے۔تیسرے کا پانچواں شروع ہوا ہے۔علاوہ اس کے مجھے اپنی اولاد کے لئے یہ خیال ہے کہ ان کی شادیاں ایسی لڑکیوں سے ہوں کہ انہوں نے دینی علوم او ر کسی قدر عربی اور فارسی اور انگریزی میں تعلیم پائی ہو اور بڑے گھروں کے انتظام کرنے کے لئے عقل اور دماغ رکھتی ہوں۔سو یہ سب باتیں کہ علاوہ اور خوبیوں کے یہ خوبی بھی ہو۔خدا تعالیٰ کے اختیار میں ہیں۔پنجاب کے شریف خاندانوں میں لڑکیوں کی تعلیم کی طرف اسقدر توجہ کم ہے کہ وہ بیچاریاں وحشیوں کی طرح نشوونما پاتی ہیں۔اگر قوم کا پاس نہ ہو تو بعض لائق اور شریف نوجوان ہماری جماعت میں موجود ہیں جن سے ایسا تعلق ہو جانا نہایت خوش قسمتی ہے۔